ایران کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت ، جانی نقصان پر افسوس کاا ظہار

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ،دہشتگردی کا خاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک عالمی برادری کی جانب سے دہشتگردوں کو مالی معاونت اور اسلحہ کی فراہمی روکنے کیلئے مخلصانہ کوششیں نہیں کی جاتیں،معصوم لوگوں کا قتل عام او ر اسلام کا نام بدنام کرنے والوں کے خلاف موثر کاروائی ضروری ہے ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی کا وزیراعظم نوازشریف ا ور مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ کے نام پیغام

پیر 8 اگست 2016 20:00

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء ) ایران نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت اور جانی نقصان پر افسوس کاا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ،دہشتگردی کا خاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک عالمی برادری کی جانب سے دہشتگردوں کو مالی معاونت اور اسلحہ کی فراہمی روکنے کیلئے مخلصانہ کوششیں نہیں کی جاتیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے وزیراعظم نوازشریف ا ور قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دھماکہ قابل مذمت ہے دہشتگرد وں اور انتہاپسند وں نے انسانی معاشروں کے تمام طبقوں اور معمول کی زندگی کو نشانہ بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

شمخانی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خیالات کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات بننے والوں جو معصوم لوگوں کا قتل عام او ر اسلام کا نام بدنام کرتے ہیں کے خلاف موثر کاروائی ضروری ہے ۔

دہشتگردی کا خاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک عالمی برادری کی جانب سے دہشتگردوں کو مالی معاونت اور اسلحہ کی فراہمی روکنے کیلئے مخلصانہ کوششیں نہیں کی جاتیں۔انھوں نے کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور حکومت سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔