پاکستان اور امریکہ کی پارلیمانوں کے مابین وسیع بنیادوں پر تعلقات علا قائی چیلنجز کو حل کرنے میں کلیدی کردار اد ا کر سکتے ہیں،دونوں ممالک کے مابین درینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں ،یہ باہمی اعتماد اور دوستی کی بنیادوں پر استوار ہیں

سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کی امریکی رکن کا نگر یس سے ملا قات میں گفتگو

پیر 8 اگست 2016 20:23

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء ) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کی پارلیمانوں کے مابین وسیع بنیادوں پر تعلقات علا قائی چیلنجز کو حل کرنے میں کلیدی کردار اد ا کر سکتے ہیں،دونوں ممالک کے مابین درینہ دوستانہ تعلقات موجود ہیں جو باہمی اعتماد اور دوستی کی بنیادوں پر استوار ہیں ۔

وہ پیرکو امریکی کانگریس کے رکن کرسٹ سٹیورٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے۔سپیکر نے پاک - امریکہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ابتدا ہی سے پاکستان کی سماجی ،معاشی اور افرادی قوت کی تر قی میں شر اکت دارکا کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے 9/11کے بعد رونما ہونے والی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات صر ف سٹر ٹیجک مفادات تک ہی محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک میں سائنس ،اقتصادیات ،تعلیم ،زراعت انسانی حقوق گڈگورنس کے شعبوں اور جمہوریت کے استحکام کے لیے وسیع تعاون موجود ہے ۔

(جاری ہے)

سر دار ایاز صادق نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا تعلق براہ راست تصفیہ طلب تنازعات سے ہے بین الا قوامی برادری کو ان تنازعات ،جارحیت اور حق خود ارادیت کے انکار جیسے مسائل کے حل پر فوری توجہ دینے کی ضر ورت ہے ۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی طر ف سے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور فوجی قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی عالمی امن اور خوشحالی کے لیے ایک مسلسل خطرہ ہیں جس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے تا ہم دہشت گردی کو کسی مذہب ثقافت اور معاشر ے سے منسوب نہیں کرنا چاہیے ۔

سپیکر نے امریکی رکن کانگریس کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا حل چاہتا ہے ۔سر دار ایاز صادق نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور قانون سازی کے شعبہ میں استعداد کا رکے اضافے کے لیے امریکی تعاون کو سر اہا ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رابطوں میں اضافہ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے انہوں نے باہمی ہم آہنگی میں اضافے کے لیے عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کی ضر ورت پر بھی زور دیا ۔امر یکن کانگر یس کے رکن کرسٹ سٹیورٹ نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین تعلقات کو وسعت دینے کی خواہش کو سر اہتے ہوئے سپیکر کو یقین دلایا کہ امریکن کا نگریس پاکستان کی پارلیمان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور عوامی رابطوں میں اضافے کے لیے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ جنوبی ایشیا ء میں انسانی وسائل کی تر قی کے لیے پاکستان کو اپنا شر اکت دار سمجھتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قر بانیوں کی قدر کرتا ہے ۔انہوں نے دونو ں ممالک کے مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کو فرغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔