سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے لسٹڈ کمپنیوں کے لئے اپنے حصص واپس اٹھانے بارے ضوابط جاری کر دیئے

پیر 8 اگست 2016 20:46

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 اگست ۔2016ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان( ایس ای سی پی) نے لسٹڈ کمپنیوں کے لئے اپنے حصص بازار ِحصص سے واپس اٹھانے کے لئے ضوابط جاری کر دیئے۔ یہ ضوابط لسٹڈ کمپنیز (حصص کی واپس خریداری) ضوابط 2016 کہلائیں گے۔ ضوابط کے ذریعے واپس خریدے گئے حصص کی منسوخی یا کمپنی کی طرف سے انہیں بطورِ ٹریژری حصص اپنے پاس رکھنے کی صراحت کی گئی ہے۔

ایس ای سی پی کے ایک اعلامیہ کے مطابق قبل ازیں اس حوالے سے فریم ورک میں واپس خریدے گئے حصص کو اپنے پاس بطورِ ٹریژری حصص رکھنے کی صراحت نہ تھی، بلکہ واپس خریدے گئے حصص کمپنیوں کو منسوخ کرنا پڑتے تھے۔ کمپنیاں عام طور پر اپنے حصص کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے انہیں واپس خرید لیتی ہیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ ضوابط کو عوامی آراء حاصل کرنے اور اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔

ان ضوابط کے ذریعے واپس خریداری کے لئے معیارِ اہلیت جیسا کہ کم از کم ادا شدہ سرمایہ اور فری فلوٹ، خریدنے والی کمپنی کے اراکین کی جانب سے خصوصی قرارداد کے ذریعے خریداری کی منظوری، خریداری کے طریقِ کار، خریداری کے لئے مینجر کے تقرر، قیمتِ خرید کے تعین کے لئے طریقِ کار، عائد شدہ پابندی، ٹریژری حصص کے لئے حقوق اور رعایتوں، ٹریژری حصص پر پابندیوں، ٹریژری حصص کے حوالے سیمالیاتی رپورٹنگ کے قابلِ اطلاق بین الاقوامی معیارات، ٹریژری حصص کی فروخت اور ان کے ریکارڈ رکھنے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ضوابط خواہش مند لسٹڈ کمپنیوں کی جانب سے حصص داران اور کیپیٹل مارکیٹ کے بہترین مفاد میں شفاف طریقے سے اپنے حصص کی واپس خریداری میں معاون ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :