تاجر برادری کوئٹہ میں ایڈوکیٹ بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ ، دھماکہ اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتی ہے،خواجہ خاوررشید

پیر 8 اگست 2016 20:47

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 اگست ۔2016ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان ایف پی سی سی آئی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے امن وامان وو سینئر نائب صدرپاکستان مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب خواجہ خاوررشید نے کہا ہے کہ تاجر برادری کوئٹہ میں صدر ہائی کورٹ بار کوئٹہ ایڈوکیٹ بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ اور کوئٹہ سول ہسپتال میں ہونے والے دھماکہ اور فائرنگ کی شدید مذمت کرتی ہے اور شہید ہونے والے وکلاء، صحافی اور عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، ایسے واقعات پاکستانیوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ہم مشکل گھڑی میں اپنے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چند شر پسند ممالک کی سربراہی میں دہشت گرد تنظیمیں پاکستان میں کارروائیاں کر رہی ہیں وہی بلوچستان کی ترقی نہیں چاہتے، وہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا کر پاکستان کا امیج خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں جن کے خلاف بلوچستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جلد کارروائی کرنی چاہئے تاکہ سی پیک اور دیگر منصوبے جن سے بلوچستان کی ترقی منسلک ہے انہیں کوئی نقصان نہ پہنچے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چند ممالک ہمیشہ سے پاکستان کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کے ذمہ دار ہیں، وہ پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کی فنڈنگ کے علاوہ انہیں ہتھیار اور دیگر سہولت کاری بھی مہیا کر رہے ہیں اس چین کو توڑ کر بین الاقوامی سطح پر سامنے لانا ہوگا تاکہ ساری دنیا ان کے اصلی چہرے سے واقف ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنا حکومت وقت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے سرکاری و عسکری اداروں کے سینکڑوں نوجوانوں نے قربانیاں بھی دی ہیں، ماضی سے موجودہ دور حکومت میں دہشتگردی میں واضع کمی واقع ہوئی ہے مگر حالات کی جلد مکمل درستگی وقت کی بڑی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :