کوئٹہ سول ہسپتال میں بم دھماکہ انسانیت اور ملک میں امن کیخلاف بڑی سازش ہے ، مولانا فضل الرحمن

پیر 8 اگست 2016 21:05

اسلام آباد+کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء ) جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کوئٹہ سول ہسپتال میں ہونے والے بم دھماکے کو انسانیت اور ملک میں امن کے خلاف اور بدامنی کو عروج دینے کی ایک بڑی سازش قرار دیا ہے اور کہا کہ بے گناہ لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے امن کے ہی نہیں بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں انہوں اس سانحہ میں وکلا،ڈاکٹر ،ڈصحافیوں اور عوام کی بڑی تعداد میں اموات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مرکزی میڈیا سیل کے مطابق انہوں نے پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری سید فضل آغا کے نواسے سیدضیاء الدین آغااور عبد الواسع سحرکے رضاعی بھائی عبدالناصرایڈوکیٹ اور کئی جماعتی کار کنوں کی شہادت پر دلی رنج کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ایک عرصے کے بعد اتنے بڑے سانحہ نے قوم کے دلوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے انہوں نے کار کنوں پرزور دیا کہ وہ زخمیوں کو خون دینے کے حوالے سے آگے بڑھیں ۔

درین اثناء جمعیت کے مرکزی جنرل سیکرٹری وڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولاناعبدالغفورحیدری،مولاناعصمت اﷲ، محمد اکرم خان درانی ، مولانا محمد امجد خان ،حا فظ حسین احمد ،مولانامحمدحنیف اورمولاناصلاح الدین ایوبی نے سانحہ کوئٹہ کو ملک کے امن پر خطر نا حملہ قرار دیا ہے اوراس واقعہ پر دلی دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ معصو م جانوں سے کھیلنے والے امن اور قوم کے دشمن ہیں انہوں نے کہا کہ جے یو آئی وکلا ء برادری اور عوام کے غم برابر کی شریک ہے انہوں نے کہاکہ حکومت اس واقعہ کی حقیقت کو قوم کے سامنے لائے انہوں نے کہاکہ بیرونی ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہ دیا جا سکتا ہے انہوں نے جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری سید فضل آغا کے نواسے کی اس واقعہ میں شہادت پر سید فضل آغا اور ان کے خاندان سے دلی رنج کا اظہار کیا ہے انہوں نے عبد الواسع سحر کے رضاعی بھائی کی شہادت پر بھی دلی رنج کا اظہار کیا ہے انہوں نے دوصحافیوں شہزادخان اورمحمودخان کی شہادت پربھی ان کے لواحقین سے اظہارتعزیت کیاہے۔