قوم دہشت گردی کے آگے نہیں جھکے گی، کوئٹہ سانحہ نے قوم کو سیسہ پلائی دیوار بنا دیا ہے

ڈاکٹر معصوم یاسین زئی کا فیصل مسجد میں کوئٹہ کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ کے بعد خطاب

پیر 8 اگست 2016 21:16

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 اگست ۔2016ء) فیصل مسجد اسلام آباد میں کوئٹہ شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، نائب صدور ڈاکٹر محمد بشیر، ڈاکٹر محمد منیر، تمام علماء (ڈینز) ڈائریکٹرز ، افسران، ملازمین اورطلباء نے کثیرتعداد میں شرکت کی اور کوئٹہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر ہونے والے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کوئٹہ کے سانحہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے کوئٹہ کے وکلاء پر حملہ کرکے پورے پاکستان کو غم والم میں ڈبونے کی سازش کی گئی ہے لیکن دشمنوں کو یہ پتہ نہیں کہ کوئٹہ کے سانحہ کے باعث قوم پہلے سے زیادہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن چکی ہے اور پوری قوم دہشت گردی کو بھرپور انداز میں مسترد کرکے اس عزم کا اعلان کرچکی ہے کسی صورت دہشت گردی کے آگے نہیں جھکے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معصوم نے مزید کہا کہ اسلام اور پاکسان کے خلاف عالمی سازشوں کے باعث دہشت گردی کی گئی ہے تاکہ اسلام اور پاکستان کو بدنام کیا جاسکے لیکن ایسا نہیں ہوسکتا۔ ان سازشوں کے مقابلے میں اسلام اور پاکستان مزید سرخرو ہوں گے۔ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ بلوچستان کی حب الوطنی پر اس بزدلانہ حملہ کے ذریعے ضرب لگانے کی کوشش کی گئی ہے۔

14 اگست کو ملک بھر کے طالب علم جوانوں کی بڑی تعداد نے پاکستان کا بہت بڑا پرچم اٹھا کرمارچ کرنے کا اعلان کررکھا تھا۔ سانحہ کوئٹہ اسی مارچ کو ناکام کرنے کی سازش بھی ہوسکتی ہے لیکن بزدل دہشت گرد اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے اور 14 اگست کو ملک بھر کے ہزاروں طالب علم کوئٹہ میں جمع ہوکر مارچ میں بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔ دریں اثناء منگل 9 اگست کو دن ساڑھے دس بجے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نیوکیمپس میں ایک تعزیتی اجتماع منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :