وزیر اعظم کی دہشتگردوں کے خلاف ملک بھرمیں کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

کو ئٹہ واقعہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا،تمام ادارے مربوط پیشگی اقدامات کے ذریعے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائیں ، پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف عالمی سازشوں سے آگاہ ہے، ریاستی ادارے پوری قوت سے دہشت گردی کا جواب دیں، پاک فوج اقتصادی راہداری کو در پیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف وفاقی، صوبائی حکومتوں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیز کو مل کر مربوط لائحہ عمل تشکیل دینا ہوگا،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عالمی سطح پرکوششیں کی جانی چاہئیں، نواز شریف کا کوئٹہ میں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب،وزیر اعلیٰ بلوچستان کو کوئٹہ دھماکے کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

پیر 8 اگست 2016 21:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی، صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کو ئٹہ کا افسوس ناک سانحہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا،تمام ادارے مربوط پیشگی اقدامات کے ذریعے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائیں ، پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف عالمی سازشوں سے آگاہ ہے۔

ریاستی ادارے پوری قوت سے دہشت گردی کا جواب دیں، پاک فوج اقتصادی راہداری کو در پیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ رہی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عالمی سطح پرکوششیں کی جانی چاہئیں۔ وہ پیر کو گورنر ہاؤس کوئٹہ میں اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید،آرمی چیف جنرل راحیل شریف، گورنر و وزیر اعلیٰ بلوچستان، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامی امور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ ، ، ڈی جی ملٹری آپریشنز ،ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو کوئٹہ دھماکے کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گرد نئے طریقوں سے آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں،سیکورٹی ادارے پوری قوت سے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں تیز کریں ۔ کوئٹہ کا افسوس ناک سانحہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا، تمام ادارے مربوط پیشگی اقدامات کے ذریعے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ 3 سال میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ، آرمی طیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج اقتصادی راہداری کو محفوظ بنانے کیلئے شاندار کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں پاکستان کا دشمن اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف ہے۔بلوچستان میں ایف سی اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی استعداد کار بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے، دہشت گردوں کو مربوط طریقہ کار کے ساتھ مؤثر جواب دیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف وفاقی، صوبائی حکومتوں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیز کو مل کر مربوط لائحہ عمل تشکیل دینا ہوگا