دہشت گرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں ، قوم اپنی جرات اور اتحاد و کے ساتھ ان کا قلع قمع کر دیگی ، پاکستان دہائیوں سے بد ترین دہشت گردی کا شکار ہے، شیطانی عمل کے پیچھے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا ہاتھ ہے، یہ ہماری ترقی اور امن کا راستہ روک کر ہمیں محکوم بنانا چاہتے ہیں

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا سول ہسپتال کوئٹہ میں دہشت گردی پر مذمتی بیان

پیر 8 اگست 2016 21:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے سول ہسپتال کوئٹہ میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں اور قوم اپنی جرات، اپنے عزم اور اتحاد و اتفاق کی بدولت ان کا قلع قمع کر کے رہے گی۔پیر کو اپنے مذمتی بیان میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ انہیں بلال کاسی،صدر بلوچستان بار و دیگر وکلا ء اور بڑی تعداد میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر انتہائی رنج اورافسوس ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مضبوط اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ بے گناہ اور معصوم جانوں سے کھیلنے کا یہ شیطانی عمل ہمیشہ کیلئے ختم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم دہائیوں سے بد ترین دہشت گردی کا شکار ہیں اور اس شیطانی عمل کے پیچھے ہمارے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا ہاتھ ہے جو ہماری ترقی اور امن کا راستہ روک کر ہمیں محکوم بنانا چاہتے ہیں۔ لیکن ہم دشمنوں کے خوابوں کو چکنا چور کر کے اور دہشت گردوں کا صفایا کر کے ترقی اور امن کی منزل ضرور حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ سوگوار خاندانوں سیدلی تعزیت کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہدا کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہیں۔(رڈ)