سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونے والا خودکش حملہ ایک بڑا قومی سانحہ ہے،ڈاکٹر عارف علوی

پیر 8 اگست 2016 21:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف صوبہ سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعارف علوی نے کوئٹہ خودکش حملے اور بلوچستان بار کے صدر کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے 70سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سول ہسپتال کوئٹہ میں ہونے والا خودکش حملہ ایک بہت بڑا قومی سانحہ ہے۔

معصوم اور نہتے لوگ دہشت گردی کا نشانہ بنے ۔ دہشت گرد اور ملک دشمن قوتیں سن لیں معصوم شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک ایک دہشت گرد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ۔بزدل دہشت گرد اس قسم کے حملوں سے پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے،وہ پیر کوپارٹی مرکز انصاف ہاؤس نرسری میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کررہے تھے، ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ اس حملے میں غیر ملکی ہاتھ بھی ہوسکتا ہے،کیونکہ ماضی میں بھی بلوچستان کے حالات کی خرابی میں بیرونی ہاتھ ملوث رہا ہے، تحریک انصاف کی پوری قیادت وکلاء برادری اور صحافی برادری کے غمزدہ خاندانوں کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔

شہداء کی درجات بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے ہم دعا گو ہیں۔