دھرنے والے ملکی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ ہیں ، عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئینگے ، عام ،بلدیاتی یاآزاد کشمیر کے انتخابات ہوں ووٹ نواز شریف کو ہی ملتے ہیں ، اپوزیشن محض الزامات کی سیاست کر رہی ہے، احتجاج اور دھرنوں سے خوفزدہ نہیں ہونگے، ملکی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح بہبود کا سفر جاری رہے گا

وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ کاماڈل بازار علی پور روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 8 اگست 2016 22:11

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) وزیر مملکت برائے ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ دھرنے والے ملکی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ ہیں ، عوام اب ان کے جھانسے میں آنے والے نہیں ، عام انتخابات ہوں،بلدیاتی الیکشن ہوں یا پھر آزاد کشمیر کے انتخابات ہوں ووٹ ہماری جماعت کے قائد میاں نواز شریف کو ہی ملتے ہیں ، اپوزیشن محض الزامات کی سیاست کر رہی ہے تاہم ان کے احتجاج اور دھرنوں سے ہم اور عوام خوفزدہ نہیں ہونگے اور ملکی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح بہبود کا سفر جاری رہے گا، ہمارا ماضی اور حال گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے اور آئیندہ بھی ضلع کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

وہ پیرکو37.819 ملین کی لاگت سے بنائے گئے ماڈل بازار علی پور روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے ماڈل بازار ایم این اے افضل کھوکھر ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان ،اے ڈی سی نعمان حفیظ اور ڈی او بلڈنگز دیگر افسران ،مقامی معززین نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔میڈم سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ماڈل بازار کے قیام سے عوام کے ساتھ کیا گیا ایک اور وعدہ وفا ہو گیا ہے اور انشاء اﷲ اسی طرح وعدوں کی عملی تکمیل کے ذریعے عوام کے مسائل حل ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں صوبوں کے دورے کے دوران وہاں کے عوام اْن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انکے دیرینہ مسائل کو برق رفتاری سے حل کرنے کے لیے ایک شہباز شریف ہمیں بھی دیں اور یہ بلا شبہ خادم پنجاب کی کارکردگی کا اعتراف بھی ہے اور دوسروں کے لیے قابل تقلید مثال بھی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ماڈل بازار اور وزیر اعلیٰ کے مشیر افضل کھوکھر ایم این اے نے کہا کہ سستی اور معیاری اشیاء کی ایک ہی جگہ دستیابی حکومت پنجاب کی ایک اہم ترجیح ہے اور صوبہ بھر میں ماڈل بازاروں کے قیام کے ذریعے عوام کو خریداری میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان اور صدر انجمن تاجران شیخ امجد نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس عوامی منصوبے کی بر وقت تکمیل کو سراہتے ہوئے اس ضلع کے عوام کے لیے حکومت پنجاب کا ایک تحفہ قرار دیا۔