کوئٹہ ہسپتال بم دھماکہ ملک میں بدامنی کو عروج دینے کی بڑی سازش ہے،بے گناہ لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے امن کے ہی نہیں انسانیت کے بھی دشمن ہیں ، سانحہ میں وکلا،ڈاکٹر ،ڈصحافیوں اور دیگرلوگوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر افسوس ہے

جمعیت علماء اسلام (ف)کے سر براہ مولانا فضل الرحمن کاکوئٹہ دھماکے پر مذمتی بیان

پیر 8 اگست 2016 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف)کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کوئٹہ سول ہسپتال میں ہونے والے بم دھماکے کو انسانیت اور ملک میں امن کے خلاف اور بدامنی کو عروج دینے کی ایک بڑی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے امن کے ہی نہیں بلکہ انسانیت کے بھی دشمن ہیں انہوں اس سانحہ میں وکلا،ڈاکٹر ،ڈصحافیوں اور عوام کی بڑی تعداد میں اموات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

پیرکو میڈیا آفس کے مطابق انہوں نے پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری سید فضل آغا کے نواسے اور عبد الواسع کے رضاعی بھائی اور کئی جماعتی کار کنوں کی اموات پر دلی رنج کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ایک عرصے کے بعد اتنے بڑے سانحہ نے قوم کے دلوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے انہوں نے کار کنوں پرزور دیا کہ وہ زخمیوں کو خون دینے کے حوالے سے آگے بڑھیں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ یہ سانحہ ملک کے خلاف سازشوں کا ایک حصہ ہے لیکن ایسی سازشوں کا مقابلہ قوم اتحاداور اتفاق سے ہی کر سکتی ہے اس حوالے سے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کر نا ہو گا جے یو آئی اپنا کردار ادا کر نے کے لیئے ہر سطح پر کوشاں ہے اور رہے گی۔