نیشنل پریس کلب میں صحافیوں کے مفت طبی معائنہ کے حوالے سے ڈسپنسری کیمپ کا آغاز

صحافیوں نے پمز کے ماہر ڈاکٹروں سے صحت کے حوالہ مختلف مسائل پر مشاورت کی

پیر 8 اگست 2016 22:18

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 اگست ۔2016ء) نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صحافیوں کے مفت طبی معائنہ کے حوالے سے ڈسپنسری کیمپ کا آغاز پیر کو ہوا جس میں راولپنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ماہر ڈاکٹروں سے صحت کے حوالہ مختلف مسائل پر مشاورت کی۔ کیمپ میں طبی معائنہ اور ٹیسٹوں کی سہولت بھی موجود تھی۔

مذکورہ میڈیکل کلینک پچھلے دنوں قیام میں لائی جانے والی فلاحی تنظیم ”کچھ اچھا“ کے پلیٹ فارم سے اپنی فلاحی سرگرمیوں کا نیشنل پریس کلب سے کرے گی جس کی صدارت ممتاز طبی ماہر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ان کے ہمراہ مختلف طبی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹروں میں ڈاکٹر اختر علی بندیشہ، ڈاکٹر فرید اللہ، ڈاکٹر آصف عمران اور ڈاکٹر بلال اعوان کے علاوہ نوجوان ڈاکٹرز کی ایک ٹیم شامل ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر جاوید اکرم کی رہنمائی میں ڈاکٹرز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صحافیوں کا مختلف امراض کے حوالے سے طبی معائنہ کریں گے اور طبی مشورے دیں گے۔ سوموار کو ڈاکٹر جاوید اکرم کی قیادت میں ڈاکٹروں نے بلڈ پریشر کے مریضوں کا معائنہ اور طبی مشورے دیئے۔ جبکہ جمعرات کے روز لگنے والے کیمپ میں شوگر کے مریضوں کا معائنہ و طبی مشورے دیئے جائیں گے۔

اس مہم کے دوران مختلف ایام میں مختلف امراض دل، کینسر، نظام ہضم، ٹی بی، معدہ، بچوں کے امراض، دماغ کی بیماریاں، گردہ، جلدی امراض، آنکھوں کی بیماریاں، کان ناک گلا اور خواتین کے امراض کے حوالے سے مفت طبی مشورے دیں گے۔ طبی مشاورت کے بعد ہسپتال داخلے کے لئے بھی پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ترجیح سہولتوں کے ساتھ مریض کو داخل کیا جائے گا۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے پریس کلب ایک آگاہی مہم کا بھی جلد آغاز کرے گا تاکہ اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ صحافی فائدہ اٹھا سکیں۔