کوئٹہ کے سول اسپتال میں بم دھماکے کے29 زخمیوں کو پاک فضائیہ کے سی 130 طیارے کے ذریعے کراچی پہنچا دیا گیا

زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائیں، گورنر سندھ کی متعلقہ حکام کو ہدایت

پیر 8 اگست 2016 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) کوئٹہ کے سول اسپتال میں پیر کی صبح ہونے والے بم دھماکے کے29 زخمیوں کو پیر کی شام پاک فضائیہ کے سی 130طیارے کے ذریعے کوئٹہ سے فیصل بیس کراچی پہنچا دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فیصل بیس سے ایمبولینسزکے ذریعے29زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ زخمیوں میں 45 سالہ نجیب الدین، 32 سالہ مجیب، 36 سالہ مشتاق علی، 32 سالہ نصیب اﷲ، 14 سالہ پروین، 26 سالہ محمد عباس، 22 سالہ عبدالولی، 43 سالہ امین اﷲ، 44سالہ را جیش ولی، 62سالہ دوست محمد، 46 سالہ مسعود خان، 22 سالہ اسد سعید، 48 سالہ عبدالرؤف، 50 سالہ امام بخش، 39 سالہ عطاء الرحمن، 40 سالہ غلام سرور، 50 سالہ آغاظاہر شاہ، 36 سالہ ارباب طاہر قاضی، 28 سالہ بابر جدون، 29 سالہ مظہر علی، 38 سالہ نوید کامرانی، 34 سالہ صورت خان، 48 سالہ سلیم قاضی، 26 سالہ اکرام اﷲ قاضی، مظفر، محمد دین، 65سالہ فیض اﷲ، 50 سالہ محمدسعید اور 50 سالہ عبدالستار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائیں۔ انہوں نے سیکرٹری صحت حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود جناح اسپتال پہنچ کر صورت حال کو مانیٹر کریں۔