پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور ایمرا کے زیر اہتمام کوئٹہ حملے میں صحافیوں کی شہادت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

پیر 8 اگست 2016 22:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء ) لاہور پریس کلب ، پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور ایمرا کے زیر اہتمام کوئٹہ میں دہشت گردوں کی جانب سے بزدلانہ خود کش حملے میں صحافیوں اور وکلاء کی شہادت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم، صدر پریس کلب محمد شہباز میاں، صدر پی یو جے شہزاد حسین بٹ، نائب صدر پریس کلب عبدالمجید ساجد، سیکرٹری پی یو جے عامر سہیل، ایمرا کے صدر عابد خان، سیکرٹری آصف بٹ، انوار ہاشمی، فاروق یوسف، عباس نقوی، شاہد چوہدری، فاروق جوہری سمیت تمام صحافتی تنظیموں کے نمائندے ، سیاستدانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم نے کہا کہ صحافیوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے پاکستان دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے ، دہشت گردوں نے سچ دکھانے سے روکنے کیلئے میڈیا کو نشانہ بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت شہید ہونے والے صحافیوں کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تد فین کرے اور انکے لواحقین کی کفالت کیلئے اقدامات کرے، انہوں نے 9 اگست بر وز منگل کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا جس میں تمام صحافی برادری سیاہ پٹیاں باندھ کر صحافتی فرائض انجام دے گی۔

لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہباز میاں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ کوئی نیا طریقہ نہیں ہے مگر میڈیا ہاؤسز مالکان کو کارکنوں سے زیادہ سب سے پہلے خبر دینے کی فکر ہے، جب بھی لہو بہا ہے کارکن صحافی کا بہا ہے ، کوئٹہ میں شہریوں تحفظ فراہم کرنا سیکورٹی اداروں کی بھی ذمہ داری تھی ۔ پی یو جے صدر شہزاد حسین بٹ نے کہا کہ دہشت گروں کی بزدلانہ کاررائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، صحافیوں کے تحفظ کیلئے حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کئے جبکہ صحافی ہمیشہ فرنٹ لائن پر کام کرتے ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے صحافیوں کی کم از کم تین کروڑ روپے انشورنس کی جائے اور بلٹ پروف جیکٹس فراہم کی جائیں اور اگر یہ اقدامات نہ کئے گئے تو پنجاب بھر کی صحافی برادری تحریک چلائے گی۔

مظاہرے سے آج ٹی وی کے بیورو چیف انوار ہاشمی، ڈان ٹی وی کے عباس نقوی، شاہد چوہدری، ایمرا کے صدر عابد خان، مسلم لیگ(ق) کی آمنہ الفت، سول سوسائٹی کے عبداﷲ ملک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 9 اگست بروز منگل سہ پہر پانچ بجے پریس کلب میں سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اور کلب کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :