تاجر تنظیم سکھر اسمال ٹریڈرز کی جانب سے کوئٹہ واقعہ پر تعزیتی و مذمتی اجلاس

منگل 9 اگست 2016 12:57

سکھر۔ 9اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) سکھر اسمال ٹریڈرز کی جانب سے کوئٹہ کے سول اسپتال میں دہشتگردی کے بدترین واقعے میں 70سے زائد بے گناہ پاکستانیوں کی شہادت پرایک تعزیتی و مذمتی اجلاس منعقد ہوا۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن، حاجی غلام شبیر بھٹو، عبدالستار راجپوت، شکیل عباس قریشی، پرویز چنہ، شریف ڈاڈا، ظہیر بھٹی، رئیس قریشی، بابو فاروقی، قادر شیوانی،بابا جھنڈے شاہ، صداقت خان، محمد محسن، ذاکر بندھانی، فخر الدین عباسی، معراج وارثی، منیر میمن، لالہ یاسر و دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر شہید ہونیوالے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے حاجی جاوید میمن و دیگر رہنماوٴں نے کوئٹہ واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی اورکہا کہ خود کش دھماکہ ملک و قوم کے خلاف گہری سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا ضرب عضب آپریشن دہشتگردوں کے لیے موت کا پیغام ثابت ہوا ہے، مفرور اور زخمی دہشتگرد اپنی کمزوریوں، ناکامیوں اور پسپا ہونے کا بدلہ پاکستان کے معصوم عوام سے لے رہے ہیں،بے گناہ افراد کی شہادت سے قوم کا دہشتگردی کے خلاف عزم اور حوصلہ کمزور نہیں ہوگا، پوری قوم دہشتگردی اور دہشتگردوں کے خلاف متحد ہے۔