لاہور‘مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈاکٹر صغیر سمیجہ کے لواحقین کو 50لاکھ روپے کا چیک پیش کر دیا

منگل 9 اگست 2016 13:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد چوہان نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے مرحوم سرجن ڈاکٹر صغیر سمیجہ کی بیوہ ڈاکٹر سعدیہ کوبہاول پور آ کر50لاکھ روپے مالیت کا امدادی چیک دیا۔اس موقع پر پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ہارون خورشید پاشا، ایڈیشنل کمشنر رابطہ ثاقب علی عطیل بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر صغیر سمیجہ گذشتہ دنوں ہسپتال میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے کانگو وائرس کا شکار ہوئے اور بعد ازاں ان کی وفات ہو گئی۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مرحوم کی بیوہ سے اظہار تعزیت کیااوران کے بلنددرجات اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے پر مرحوم ڈاکٹر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ڈاکٹر صغیر سمیجہ کی لازوال قربانی میڈیکل پروفیشن میں سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مرحوم ڈاکٹر کی فیملی کے زیر استعمال سرکاری رہائش گاہ آئندہ 25سال کے لئے ان کی فیملی کو الاٹ کردی جائے۔انہوں نے ڈاکٹر سعدیہ کی ملازمت کو مستقل کرنے اورڈاکٹر صغیر سمیجہ کے بھائی کو بھی ملازمت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے یہ امداد ڈاکٹر صغیر سمیجہ کے سرکاری واجبات اور پنشن کے علاوہ ہے۔

متعلقہ عنوان :