غیر رجسٹرڈ اپلائیڈ فار اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے اجلاس

منگل 9 اگست 2016 13:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) سپیشل مانیٹرنگ یونٹ (لاء اینڈ آرڈر) کے زیر اہتمام غیر رجسٹرڈ اپلائیڈ فار اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔جس میں سینئر ممبر ایس ایم یو سلمان صوفی ،سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول احمد بلال ،سی سی پی او لاہور محمد امین وینس ،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ،سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ نے شرکت کی۔

سلمان صوفی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب موٹر وہیکلز کی غیر قانونی رجسٹریشن کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔ایس ایم یو غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے پر محکمہ ایکسائز اور سی سی پی او آفس کی کوششوں کو سراہتا ہے ۔

(جاری ہے)

دہشت گرد گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں خامیوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں اس لئے متعلقہ محکمے گراس روٹ لیول پر آپس میں مربوط روابط رکھیں تا کہ ایک نظام استوار کر کے اس کی نیشنل ایکشن پلان میں شمولیت کے ذریعے پنجاب سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ ایکسائز اور سی سی پی او آفس باہمی روابط کو مزید بہتر بنانے اور ڈیٹا کی فراہمی کیلئے فوکل پرسن کاتقرر کریں گے اور محکمہ ایکسائز جلد ہی سی سی پی او آفس کے تعاون سے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف مہم کا آغاز کرے گا جس کے تحت نہ صرف ایسی گاڑیاں کے مالکان کو جرمانہ کیا جائے گا بلکہ رجسٹریشن کے کاغذات کی تکمیل تک گاڑی ضبط بھی رکھی جائے گی ۔2006ء سے پہلے کی لائسنس پلیٹ والی گاڑیوں کو محکمہ ایکسائز سے رجسٹریشن کرانے کیلئے 90دن کا نوٹس دیا جائے گا جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور آفس کے مطابق62,293اپلائیڈ فار گاڑیوں ،371سبز نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور 158152دیگر گاڑیوں کو جرمانہ کیا جا چکاہے ۔

متعلقہ عنوان :