حریت رہنماؤں کی طرف سے کوئٹہ بم دھماکے کی شدید مذمت

دہشت گرد حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی” را“ ملوث ہے ‘آسیہ اندرابی

منگل 9 اگست 2016 13:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی نے کوئٹہ میں ہولناک بم دھماکے میں بڑے پیمانے پر انسانی زندگیوں کی زیاں پر شدید افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئٹہ میں دہشت گرد حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی اور شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کوئٹہ میں دہشت گردوں کی بہیمانہ اور غیر انسانی کارروائی کی شدید مذمت کی جس میں 70سے زائد لوگ شہید اور سو سے زائد زخمی ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دھماکے میں شہید ہونیوالے افراد کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ۔

(جاری ہے)

دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہاکہ جب جب پاکستان کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کے حق میں اپنا فریضہ نبھانے کی عملاً سعی کرتا ہے تو بھارتی خفیہ ایجنسیاں ایک دم ارض پاک میں دھشت گر د حملے کرکے اسکی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹا کر اندرون ملک الجھادیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں بالخصوص ڈوڈہ، بھدروہ ،ٰکشتواڑ،ٹھاٹھری، بانہال،پونچھ اور راجوری میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر ظلم وبربریت کا جو بازار گرم کر رکھا ہے اسکی مثال ملنا ناممکن ہے۔

آسیہ اندرابی نے کشمیری خواتین سے بھی اپیل کی کہ وہ حریت قیادت کی طرف سے اعلان کردہ مشترکہ پروگراموں کو بھرپورشرکت کے ذریعے کامیاب بنائیں۔ادھرپیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے بھی ایک بیان میں کوئٹہ پاکستان میں پیش آئے انسانیت سوز دہشتگرد حملے میں نہتے اور معصوم لوگوں کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید اور سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔