کشمیرمیں بھارتی فوج کی اضافی نفری بھیجنے سے تحریک آزادی کشمیر کوکمزور نہیں کیا جاسکتا ‘بارایسوسی ایشن مقبوضہ کشمیر

منگل 9 اگست 2016 13:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے کہا ہے کہ کشمیر میں اضافی فورسز اہلکاروں کو بھیجنے سے تحریک آزادی کشمیر کو کمزور نہیں کیاجاسکتاہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بار کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت ظلم و تشدد اور ریاستی دہشت گردی سے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے متحد ہوکر بھارتی حکومت اور سکی کٹھ پتلی انتظامیہ کے تمام مذموم عزائم ،منصوبوں اور اسکیموں کو خاک میں ملادیا جو انہوں نے رواں جدوجہد کو کمزور کرنے کیلئے بنائے تھے ۔ انہوں نے بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کشمیریوں کے علاوہ معروف قلمکاروں ، ماہر تعلیم ، صحافیوں ، فنکاروں ، ڈاکٹروں ، طلبہ اور دیگر شہریوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے یو کے اور دنیا کے دیگر ممالک میں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بدترین ظلم و تشدد ،فائرنگ ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال کی وجہ سے 70سے زائد کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے کشمیرمیں انسانی اقدار کو پیروں تلے روند دیا ہے۔ترجمان نے مذید کہاکہ بھارتی حکومت نے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے عدالت عظمیٰ میں جھوٹا حلف نامہ پیش کیا ہے۔