فکسنگ کا طوفان چار پروٹیز کرکٹرز کے کیریئر بہالے گیا

منگل 9 اگست 2016 14:35

فکسنگ کا طوفان چار پروٹیز کرکٹرز کے کیریئر بہالے گیا

جوہانسبرگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اگست ۔2016ء) جنوبی افریقہ میں فکسنگ کا طوفان چار کرکٹرز کے کیریئر بہالے گیا، ٹیسٹ پلیئر تھامی ٹسولیکل پر 12 برس کیلئے کھیل کے دروازے بند کردیے گئے، تین ڈومیسٹک کھلاڑی بھی پکڑ میں آگئے، پروٹیز بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگاٹ کا کہنا ہے کہ سزائیں معلومات چھپانے پر دی گئیں، کوئی میچ فکس نہیں کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ جنوبی افریقہ نے گذشتہ برس ٹی 20 ٹورنامنٹ کے حوالے سے ہونے والی فکسنگ تحقیقات کے نتیجے میں چار کھلاڑیوں پر 7 سے 12 برس تک کی پابندی عائد کردی ہے۔ان میں سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر تھامی ٹسولیکل سمیت جین سیمیس، پومیلیلیا میٹ شکوے اور ایتھی مبھالاتی شامل ہیں۔ ٹسولیکل پر 12 برس کی پابندی عائد کی گئی ہے، ان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے گذشتہ برس فکسنگ کے لیے ہونے والے رابطے سے کرکٹ حکام کو مطلع نہیں کیا تھا، 35 سالہ ٹسولیکل نے بیک اپ وکٹ کیپر کے طورپر 2003 میں انگلینڈ کا دورہ کیا جبکہ 2004 میں تین ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جن میں سے دو بھارت اور ایک انگلینڈ کے خلاف تھا۔

(جاری ہے)

وہ 2012 میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے دورے کے دوران بھی ٹیم کے ہمراہ تھے جبکہ 2013 میں پاکستان کیخلاف سیریز کیلیے یو اے ای کا بھی سفر کیا تھا مگر مزید کوئی میچ نہیں کھیلا۔کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیف ایگزیکٹیو لورگاٹ کا کہنا ہے کہ طویل تحقیقات کے بعد ان چار کھلاڑیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، اگرچہ ہمیں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ حقیقت میں کوئی میچ فکس ہوا ہو لیکن ان کھلاڑیوں کے درمیان فکسنگ کے حوالے سے بات چیت ہوئی ، جس سے انھوں نے حکام کو آگاہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ لائنز کے سابق بولر میٹ شکوے کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ انھوں نے میچ فکس کرنے کی خاطر مالی فائدہ حاصل کیا، ان پر 10 برس کی پابندی عائد کی گئی، ٹائٹنز سے ماضی میں جڑے رہنے والے بولر ایتھی پر بھی اتنی ہی پابندی عائد کی گئی جبکہ سیمس پر 7 برس کیلیے کھیل کے دروازے بند ہوئے۔

متعلقہ عنوان :