بھائی کیلئے لیجنڈ لٹل ماسٹر حنیف محمد کو اپنا کیریئر قربان کرنا پڑا

منگل 9 اگست 2016 14:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اگست ۔2016ء) لیجنڈ لٹل ماسٹر حنیف محمد کا کیریئر ریکارڈ سے بھرا ہے مگر ان کے سترہ سالہ کریئر میں کچھ تنازعات بھی آئے۔ بھائی صادق محمد کے لیے انھیں اپنا کیریئر قربان کرنا پڑا۔چوبیس اکتوبر انیس سو انہتر انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی اور واحد مرتبہ تین بھائی میدان میں اترے۔ حنیف محمد، صادق محمد اور مشتاق محمد۔

حنیف محمد اور صادق محمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کو پچپن اور پچہتر رنز کا آغاز فراہم کیا۔ چار روزہ ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔

(جاری ہے)

میچ کے بعد حنیف محمد کو بورڈ کی جانب سے پیغام ملا۔ رپورٹ کے مطابق بورڈ نے حنیف محمد کو پیغام پہنچایا کہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں یا پھر صادق محمد کو نہیں کھلائیں گے۔ حنیف محمد نے مشورے کے بعد اپنے بھائی کے لیے اپنا کریئر قربان کردیا اور ریٹائر ہوگئے۔حنیف محمد نے انیس سو انہتر تک تین ہزار نو سو پندرہ رنز بنالیے تھے مگر بورڈ نے انھیں چار ہزار رنز مکمل کرنے کا بھی موقع نہیں دیا، اگر حنیف محمد چار ہزار رنز بنالیتے تو اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہوتے۔ پاکستان کی پہلی سنچری اور نصف سنچری بنانے کا اعزاز بھی حنیف محمد کے پاس ہے۔