بھارت میں ماں بیٹی کے ساتھ گینگ ریپ کیس کا اہم ملزم سلیم باوریا گرفتار ،حراست میں لیے گئے ملزمان کی تعداد 6 ہو گئی

منگل 9 اگست 2016 15:05

لکھنئو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اگست ۔2016ء) بھارتی شمالی ریاست اترپردیش میں ہونے والے ماں بیٹی کے ساتھ گینگ ریپ کیس کے اہم ملزم سلیم باوریا کو گرفتار کر لیا گیا ۔بھارتی میڈیاکے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر بلند میں ہونے والے گینگ ریپ کیس کے اہم ملزم سلیم باوریا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔بلند شہر کے پولیس سپرنٹینڈنٹ انیس احمد انصاری نے بتایا ہے باوریا کو ان کے دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔

ان گرفتاریوں کے ساتھ ہی اس معاملے میں گرفتار ملزمان کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔اس کیس کے تین ملزمان کو پولیس نے پہلے ہی گرفتار کرلیا تھا اور اب وہ عدالتی حراست میں ہیں۔گذشتہ ماہ 29 جولائی کو دہلی سے کانپور جانے والے ہائی وے 95 پر کچھ مسلح افراد نے ایک گاڑی میں اپنے خاندان کے ساتھ سفر کرنے والی ماں بیٹی کے ساتھ بلند شہر میں اجتماعی ریپ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد یہ معاملہ سرخیوں میں آ گیا تھا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے اتر پردیش میں برسراقتدار سماج وادی پارٹی کی حکومت پر قانون اور نظام کی بالادستی کے ناکام ہو جانے کا الزام لگایا تھا۔اس کے بعد ریاستی حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے ضلع کے کئی سینیئر پولیس افسران کو معطل کر دیا تھا۔الہ آباد ہائی کورٹ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے ریاستی حکومت سے اس معاملے کے متعلق سی بی آئی جانچ پر جواب داخل کرنے کے لیے کہا تھا۔

اس سے قبل بھی ریاست میں کئی بار ریپ کے واقعات پیش آئے ہیں اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔انڈیا میں سنہ 2012 میں دارالحکومت دہلی میں ایک طالبہ کے چلتی بس میں ریپ کے بعد ملک بھر میں ریپ کے قوانین سخت کرنے کے بارے میں آواز اٹھائی گئی تاہم اس کے باوجود ملک بھر میں خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :