پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے دہشتگردی کے خلاف لائحہ عمل مرتب کیا جائے‘ کوئٹہ میں دہشتگردی جمہوریت‘ عوام‘ وفاق اور خطہ کے خلاف سازش ہے

پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا قومی اسمبلی میں بحث کے دوران اظہارخیال

منگل 9 اگست 2016 15:29

اسلام آباد ۔ 09 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے دہشتگردی کے خلاف لائحہ عمل مرتب کیا جائے‘ کوئٹہ میں دہشتگردی کی کارروائی جمہوریت‘ عوام‘ وفاق اور خطہ کے خلاف سازش ہے‘ وزیراعظم اس کو ٹیسٹ کیس بنائیں اور فرنٹ فٹ پر جاکر ایسے ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کریں۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعہ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جیسے ملک میں جب ایسا واقعہ ہو جاتا ہے تو اسے پورے امریکہ پر حملہ تصور کیا جاتا ہے، فوری طور پر وہ تحقیقات کرکے حملہ آوروں کی نشاندہی کرکے کارروائی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ 12 گلیوں کا شہر ہے جہاں ہر گلی میں اور چوک میں سیکیورٹی اداروں کے اہلکار موجود ہیں۔

اگر ہمیں دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ جیتنی ہے تو تمام سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔ ملک کی ہر سیاسی جماعت حکومت کے سپاہی کے طور پر اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سب سے پہلے ہے تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے لائحہ عمل مرتب کیا جائے، ایسی کارروائیاں جمہوریت‘ عوام‘ وفاق اور خطہ کے خلاف سازش ہیں۔ وزیراعظم اس کو ٹیسٹ کیس بنائیں اور فرنٹ فٹ پر جاکر ایسے ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کریں۔ عوام کی حمایت کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا وفد اظہار تعزیت کے لئے کوئٹہ روانہ کیا جائے۔