ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خانیوال کی سانحہ کوئٹہ کے سلسلہ میں احتجاجی ریلی

منگل 9 اگست 2016 16:05

خانیوال ۔ 9 اگست (اے پی پی( ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خانیوال نے امروز سانحہ کوئٹہ کے سلسلہ میں صدر بار سعید اختر چوہدری وجنرل سیکرٹری با رچوہدری محمد شاہد اقبال کی سربراہی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی میں وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے سانحہ کوئٹہ اور دہشت گردی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے اختتام پر بارروم ہال میں احتجاجی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں محمد افضل ہمدانی، ملک شوکت رمضان، راشد محمود چوہدری ، مہرافتخار احمد نکیانہ، مدثر خاں ڈاہا، راؤ محمد عارف، سید ضیاء حیدر زیدی نے خطاب کیا اور سانحہ کوئٹہ کی بھر پور مذمت کی ۔

اجلاس کے اختتام پر سینئر ممبربار ملک غلام سرور اعوان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے سانحہ میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کروائی۔آخر میں صدر بار نے قرار داد مذمت پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا اور اعادہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن خانیوال سانحہ کوئٹہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے تک احتجاج جاری رکھے گی اورڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن خانیوال سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے ورثاء کے غم میں برابرکی شریک ہے۔