ضلعی انتظامیہ اور انوائرمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی نے آلودگی پھیلانے پر 12 کرش مشینوں کوسیل کر دیا

منگل 9 اگست 2016 16:11

ایبٹ آباد۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) ضلعی انتظامیہ اور انوائرمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی نے گھماواں میں 12 کرش مشینوں کو آلودگی پھیلانے پر سیل کر دیا، کرش میشینوں کو دھول کنٹرول کرنے کیلئے پہلے نوٹسز بھی جاری کئے گئے تھے لیکن ان کی طرف سے انتظامات نہ کرنے پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید عباس علی شاہ بخاری نے انوائرمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ گھماواں میں 12 کرش مشینوں کو آلودگی پھیلا کر ماحول خراب کرنے پر سیل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سید عباس علی شاہ بخاری نے بتایا کہ لوگوں کی طرف سے ماحولیاتی آلودگی کی مسلسل شکایات کے بعد کرش مشینوں کے مالکان کو دھول کنٹرول کرنے کیلئے نوٹسز جاری کئے گئے تھے تاہم ان کی طرف سے دھول کنٹرول نہ کرنے پر کرش مشینوں کو سیل کیا گیا ہے، ہمیں کسی بھی جگہ سے اس طرح کی شکایات موصول ہوئی تو ہم وہاں پر بھی بلاتفریق کارروائی کریں گے، عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔