ملک بھر کی وکلاء تنظیموں کی سا نحہ کو ئٹہ کے خلاف ہڑتال، مذمتی اجلاس منعقد

منگل 9 اگست 2016 16:20

لاہور۔9 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر کی وکلاء تنظیموں نے سا نحہ کو ئٹہ کے خلاف منگل کے روز ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ وکلاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا اور مذمتی اجلاس منعقد کئے ۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھی پاکستان بار کونسل اور پنجاب بار کونسل کی اپیل پر وکلاء تنظیموں نے ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔

وکلاء نے سا نحہ کو ئٹہ کے خلاف احتجاجی اجلاس اور بعض مقامات پر احتجاجی ریلیاں نکالی گئی ۔ لاہور میں وکلاء تنظیموں نے لاہور ہائیکورٹ سمیت سیشن و سول عدالتوں میں کو ئٹہ میں سول ہسپتال پر دہشت گردی کے حملے کے خلاف ہڑتال کی۔ وکلاء بارز نے بار روم پر سیاہ پرچم لہرائے اور احتجاجی اجلاس منعقد کئے۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ بار نے ہائیکورٹ میں سا نحہ کو ئٹہ کے شہداء کی غا ئبانہ نماز جنازہ ادا کی جس میں وکلاء کی بھاری تعداد نے شرکت کی غا ئبانہ نمازہ جنازہ کے بعد نوجوان وکلاء نے دہشت گردی کے خلاف نعرے لگائے،اس موقع پر وکلاء رہنماؤں نے سانحہ کو ئٹہ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ سے وکلاء کے حوصلے پست نہیں ہو نگے۔

وکلاء رہنماؤں نے حکومت سے وکلاء اور عدالتوں کی سکیورٹی کے لئے عملی اقدامات کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن نے کو ئٹہ میں سول ہسپتال میں دہشت گردی کے واقعہ کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ سپریم کورٹ بار سات روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ۔