غیر رجسٹرڈ، اپلائیڈ فار و جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

منگل 9 اگست 2016 16:20

لاہور۔9 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) -سپیشل مانیٹرنگ یونٹ (لاء اینڈ آرڈر) کے زیر اہتمام غیر رجسٹرڈ، اپلائیڈ فار اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر ایس ایم یو سلمان صوفی ،سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول احمد بلال ،سی سی پی او لاہور محمد امین وینس ،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ،سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان صوفی نے کہا کہ ایس ایم یو غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے پر محکمہ ایکسائز اور سی سی پی او آفس کی کوششوں کو سراہتا ہے۔ دہشت گرد گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں خامیوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں اس لئے متعلقہ محکمے گراس روٹ لیول پر آپس میں مربوط روابط رکھیں تا کہ ایک نظام استوار کر کے پنجاب سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ ایکسائز اور سی سی پی او آفس باہمی روابط کو مزید بہتر بنانے اور ڈیٹا کی فراہمی کیلئے فوکل پرسن کاتقرر کریں گے اور محکمہ ایکسائز جلد ہی سی سی پی او آفس کے تعاون سے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف مہم کا آغاز کرے گا جس کے تحت نہ صرف ایسی گاڑیوں کے مالکان کو جرمانہ کیا جائے گا بلکہ رجسٹریشن کے کاغذات کی تکمیل تک گاڑی ضبط بھی رکھی جائے گی۔ 2006ء سے پہلے کی لائسنس پلیٹ والی گاڑیوں کو محکمہ ایکسائز سے رجسٹریشن کرانے کیلئے 90دن کا نوٹس دیا جائے گا جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔