دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپس کے اختلافات پس پشت ڈال کر سب کو متحد ہونا ہوگا‘ ترکی میں جمہوریت کے لئے 35لاکھ لوگ سڑکوں پر نکلے جس دن پاکستان میں اتنے لوگ سڑکوں پر نکل آئے دہشت گردی کا خاتمہ ہوجائے گا

جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق الله کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 9 اگست 2016 16:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق الله نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپس کے اختلافات پس پشت ڈال کر سب کو متحد ہونا ہوگا‘ ترکی میں جمہوریت کے لئے 35لاکھ لوگ سڑکوں پر نکلے جس دن پاکستان میں اتنے لوگ سڑکوں پر نکل آئے دہشت گردی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے خلاف اسمبلی نے مذمتی قرارداد منظور کی ہے دہشت گردی آج کا مسئلہ نہیں یہ پچھلے پندرہ سالوں سے چلی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ دہشت گرد خیبرپختونخوا سے بلوچستان منتقل ہوگئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بھی دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سیاسی اختلافات پس پشت ڈال کر نکلنا ہوگا۔ ترکی میں جمہوریت کی حمایت میں 35 لاکھ لوگ سڑکوں پر نکلے جس دن ہمارے یہاں اتنے لوگ نکل آئے دہشت گردی کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہوجائے گا۔