وزیراعلیٰ سندھ نے زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوسے رپورٹ طلب کرلی

منگل 9 اگست 2016 16:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے جامع رپورٹ بھی طلب کرلی ہے اور کہاہے کہ عوام کی جان ومال سمیت سرکاری املاک کی حفاظت بھی حکومت کی ذمے داری ہے۔ جس علاقے میں تجاوزات اور قبضے ہوں وہاں کا ایس ایچ او ذمے دار ہوگا۔

وزیراعلی سندھ منگل کی صبح بھی ایکشن میں نظرآئے،انہوں نے سٹی کورٹ کادورہ کیااور سیکیورٹی کا جائزہ بھی لیا۔وزیراعلیٰ نے ڈی جے سائنس کالج کے پرنسپل سے ملاقات کی اور اپنی درسگاہ کی یادیں بھی تازہ کیں۔ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ غیرقانونی قبضوں اور چائنا کٹنگ پر جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اب بھی چائنہ کٹنگ کی رپورٹس آرہی ہیں اور حکم دیا کہ چائنہ کٹنگ فوری بند کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال سمیت سرکاری املاک کی حفاظت بھی حکومت کی ذمے داری ہے۔یہ پالیسی بنائی جائے جس علاقے میں تجاوزات اور قبضے ہوں وہاں کا ایس ایچ او ذمے دار ہوگا۔

وزیر اعلی سندھ نے منگل کی صبح سٹی کورٹ کا دورہ کیا اور سانحہ کوئٹہ پر وکلا برادری سے اظہار تعزیت کیا اپنے سٹی کورٹ کے دورے میں انہوں نے عدالت کا سیکیورٹی جائزہ لیا اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہراور بیرسٹر مرتضی وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مشتاق مہر نے مراد علی شاہ کو سٹی کورٹ کے پچھلے گیٹ کی سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔مشتاق مہر نے بتایا کہ سٹی کورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں کی مانیٹرنگ اورسیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور سیکیورٹی کیمروں اور اسکیننگ مشینوں سے اسے مزید موثر بنایا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلی نے سٹی کورٹ کے اطراف کچرا صاف نہ ہونے پر کے ایم سی جنوبی کو اس سلسلے میں فوری صفائی کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے سٹی کورٹ کے پارکنگ گیٹ کا جائزہ بھی لیا اور موقع پر موجود افسران کو سیکیورٹی کے حوالے سے ہدایات جاری کیں ۔سٹی کورٹ سے واپسی پر مراد علی شاہ نے راستے میں آنے والی مارکیٹ کا رک کر جائزہ لیا اس کے بعد وہ ڈی جی سائنس کالج پہنچے جہاں انہوں نے کالج کے پرنسپل سے ملاقات کی۔

انہوں نے اپنی درسگاہ سے متعلق یادوں اور معلومات کا تبادلہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ میں نے یہیں سے تعلیم حاصل کی ہے اسلئے اس جانب چلا آیا ۔وزیر اعلی سندھ کی کالج آمد پر پرنسپل نے مسرت کا اظہار کیا۔ڈی جی کالج کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعلی سندھ سی ایم ہاؤس پہنچ گئے

متعلقہ عنوان :