یوم آزادی کے حوالے سے ملک بھر میں تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں ، سید مراد علی شاہ

منگل 9 اگست 2016 16:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ یوم آزادی کے حوالے سے ملک بھر میں تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، لہٰذا سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں تاکہ شہری آزادی کے ساتھ تقریبات میں شرکت کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب صوبہ بھر باالخصوص کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ الرٹ رہیں اور اپنی پوزیشن کو مستحکم کریں۔اس موقع پرآئی جی پولیس، رینجرز اور دیگر ایجنسیز نے اپنے انٹیلی جنس نیٹ ورک کی بنیاد پر اپنی رپورٹس پیش کیں۔اجلاس میں صوبائی مشیر برائے اطلاعات مولابخش چانڈیو،مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء الله عباسی،سیکرٹری داخلہ، کمشنر کراچی اعجاز علی خان، سیکرٹریٹ ایجنسیز کے سربراہوں ، رینجرز کے نمائندے اور شہر کے تمام ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے چند پالیسی فیصلے کئے اور آئی جی پولیس سندھ سے ان پر عملدرآمد کیلئے کہا۔وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ تمام اہم مقامات پر سیکیورٹی کو مستحکم کریں اور شہر اور صوبہ بھر میں سینپ چیکنگ کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے فینسی نمبر پلیٹ، گاڑیوں پر نصب فلیش/سرچ لائیٹس کے خلاف خصوصی مہم کے آغاز کا بھی فیصلہ کیا۔

انہوں نے آئی جی پولیس کو اسلحہ کی نمائش اور نجی گارڈز کی سول ڈریس میں اسلحے کی نمائش کے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ایجنسیز کے مابین باہمی روابط ہونے چاہیں تاکہ مربوط اور جامع سیکیورٹی کا جال بچھایا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ میری حکومت کبھی بھی دہشتگردوں سے مرغوب نہیں ہوگی مگر میں نے آج یہاں آپ کو صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جمع کیا ہے۔