کراچی سمیت صوبے بھر میں جرائم کے خلاف آپریشنز کو مذید تیز کیا جائے ۔ آئی جی سندھ

منگل 9 اگست 2016 16:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبائی سطح پر اور خصوصاً کراچی میں جرائم ، ان کے سرپرستوں اور انہیں پناہ دینے والے عناصر کے خلاف جاری ٹارگٹیڈ آپریشنز کو مذید تیز اور موُثر بنایا جائے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے امن وامان کے حالات پر مکمل پولیس کنٹرول اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے سلسلے میں جاری ہدایات میں کہا کہ ضلعی سطح پر تمام ناکوں ، شاہراہوں ، مضافاتی علاقوں میں رینڈم اسنیپ چیکنگ کو روزانہ دو گھنٹے کی بنیاد پر یقینی بناتے ہوئے پولیس پکٹنگ ، پیٹرولنگ سمیت ریکی نگرانی ، سرچنگ اور انٹیلی جینس کلیکشن کے جملہ اقدامات کو مربوط اور ٹھوس بنایا جائے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کے تحت تمام مساجد ،امام بارگاہوں ، مزارات ، اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات ، پبلک مقامات/ تفریحی پارکس ،ساحل سمندر ،وغیرہ سمیت ائیر پورٹس ، ریلوے اسٹیشنوں ، بس ٹرمینلز ، اسپتالوں وغیرہ پرخصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے اور اس حوالے سے تمام تر پولیس ڈپلائمنٹ کو باقاعدہ بریفنگ بھی دی جائے ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے عوام سے کہا کہ سیکیورٹی کے موُثر اقدامات کو ہر سطح پر کامیاب بنانے کے لیے اپنے آس پاس اطراف کے علاقوں میں کوئی مشکوک سرگرمی ، مشتبہ عناصر ، لاوارث / مشکوک گاڑی ، بیگ ، پارسل ، تھیلا ، بریف کیس وغیرہ دکھائی دینے پر فوری مددگار 15 ، ایس ایس پی ، ایس ڈی پی او دفاتر ، قریبی تھانہ جات یا قریب ہی ڈیوٹی پر موجود پولیس افسر و جوان اور علاقہ گشت میں مصروف پولیس موبائل کو دیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کے عمل کو یقینی بنائیں ۔ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ فینسی / غیر معیاری نمبر پلیٹس کے خلاف مہم کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ صوبائی سطح پر بھاری ودیگر گاڑیوں پر نصب فلیش / سرچ لائٹس کے خلاف بھی انتہائی ٹھوس اور موُثر مہم کا آغاز کیا جائے ۔