فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرنیوالی الجیرین صحافیہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق

منگل 9 اگست 2016 16:48

الجزائر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) افریقہ کے عرب ملک الجزائر سے تعلق رکھنے والی فلسطینیوں کے حقوق کی پرچارک نوجوان صحافیہ امال مرابطی ایک المناک ٹریفک حادثے میں انتقال کرگئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق 33 سالہ امال مرابطی گذشتہ جمعرات کو ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں۔ انہیں رانٹز فانون اسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ گذشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

مرحومہ الجزائر کے عربی روزنامہ ’الشعب‘ کی نامہ نگار تھیں اور وہ فلسطینیوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے میں شہرت رکھتی تھیں۔اپنی رپورٹنگ کے دوران انہوں نے فلسطینیوں پر ڈھائے جانیوالے اسرائیلی مظالم، فلسطین میں یہودی آباد کاری، بیت المقدس، مسجد اقصیٰ اور اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی اسیران کے حقوق میں پوری قوت اور بہادری سے آواز بلند کی اور فلسطینیوں کے حقوق کا مقدمہ لڑا۔

(جاری ہے)

اخبارات کی دنیا سے وابستگی کے دس سالہ عرصے میں امال مرابطی کی شہرت فلسطین سے محبت کرنیوالوں کے طورپر تھی۔ اس کی ناگہانی موت پر فلسطینی قوم کو بھی دکھ پہنچا ہے۔فلسطین پریس کلب کی جانب سے امال مرابطی کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کے اہل خانہ سے مکمل ہمدردی اور غمگساری کا اظہار کیا گیا ہے۔ پریس کلب کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم امال مرابطی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔