الخلیل میں اسرائیلی فوج کا ’حماس‘ کے اسیر کارکن کے گھر چھاپہ مارا، اہل خانہ پر تشدد ،توڑپھوڑ کی

منگل 9 اگست 2016 16:48

الخلیل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے ’حماس‘ کے اسیر کارکن محمد عبدالباسط الحروب کے گھر پر چھاپہ مارا، اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کیساتھ ساتھ گھر میں توڑپھوڑ بھی کی۔اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے سوموار کے روز حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے اسیر رکن عبدالباسط الحروب کے دیر سامت کے مقام پر واقع گھر پر چھاپہ مارا۔

(جاری ہے)

اسیر کے والد محمد نے نے بتایا کہ صہیونی فوجی ان کے گھر کا مرکزی گیٹ پھلانگ کا اندر داخل ہوئے اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ قابض فوجیوں نے گھر کی جامہ تلاشی لی اور تشدد قیمتی سامان کی توڑپھوڑ بھی کی۔خیال رہے اسیر عبدالباسط الحروب کو صہیونی فوج نے گذشتہ برس حراست میں لیا تھا۔ اس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے 20 نومبر 2015ء کو عتصیون چوک میں فائرنگ کر کے دو یہودی آباد کار ہلاک کر دیئے تھے۔