شام میں پانچ سال سے جاری تباہ کن جنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 2لاکھ 90ہزار سے تجاوز کرگئی ،آبزرویٹری کادعویٰ

منگل 9 اگست 2016 16:52

شام میں پانچ سال سے جاری تباہ کن جنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 2لاکھ 90ہزار ..

دمشق/نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اگست ۔2016ء)شام میں گزشتہ پانچ سال سے جاری تباہ کن جنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 2لاکھ 90ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ قوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ شامی صوبہ حلب کے 20 لاکھ سے زائد باشندے مکمل طور پر محاصرے میں گھِر جانے کے خطرات سے دو چار ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام کی صورت حال پر گہری نظر رکھنے والی غیرسرکاری تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں گزشتہ پانچ سال سے جاری تباہ کن جنگ میں اب تک 2 لاکھ 90ہزار سے زائد افراد ہو چکے ہیں۔

آبزرویٹری کے اعداد وشمار کے مطابق 2011 میں تنازعے کے آغاز سے گزشتہ ماہ کے اختتام تک 292،817 افراد جنگ کی ہولناکیوں کا نشانہ بنے۔ ہلاک ہونے والوں میں 84 ہزار472 شہری تھے جن میں 14 ہزار711 بچے اور 9 ہزار 520 خواتین بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ شامی صوبہ حلب کے 20 لاکھ سے زائد باشندے مکمل طور پر محاصرے میں گھِر جانے کے خطرات سے دو چار ہیں۔

اس عالمی ادارے نے شدید بمباری کا نشانہ بننے والے اس علاقے تک فوری رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شامی فورسز کی طرف سے اس صوبے میں باغیوں کی سپلائی لائن کاٹنے کے لیے حالیہ ہفتوں کے دوران محاصرہ کر لیا گیا تھا جس کے بعد یہاں شدید لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ شام میں اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے سربراہ یعقوب الہلو اور علاقائی کوارڈینیٹر کیوِن کینیڈی نے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے اس لڑائی میں وقفے کا مطالبہ کیا ہے۔