پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف گھناؤنی سازشوں کو کچل دیا جائے‘ایل سی سی آئی

منگل 9 اگست 2016 17:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر ملک دشمنوں کی بے چینی بذات خود اس منصوبے کی بے پناہ اہمیت اور افادیت کا ثبوت ہے، اس منصوبے کی ہر حال میں تکمیل اشد ضروری ہے جس کے لیے ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو سختی سے کچلنا ہوگا۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے خائف ہوکر انتہائی گھناؤنے اقدامات پر اْتر آئے ہیں جن کا انتہائی سختی سے تدارک کرنا ضروری ہے، پاکستان کے مفادات اور عوام کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل پاکستان میں ترقی کے نئے دروازے کھولے گی ،تجارت و سرمایہ کاری اور روزگار کے ان گنت نئے مواقع پیدا کرے گی ، اس عظیم الشان منصوبے سے پاکستان کو ہونے والے فوائد کا احاطہ کرنا مشکل ہے، چین پہلے ہی پاک چین اقتصادی راہداری کے سلسلے میں چھیالیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کرچکا ہے جبکہ مزید بھاری سرمایہ کاری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں اس منصوبے پر تیزی سے کام کررہی ہیں مگر ضروری ہے کہ دونوں ممالک کا نجی شعبہ بھی اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے جس سے اس میگا منصوبے کی جلد سے جلد تکمیل ممکن ہوگی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے میں بہت اہم کردار ادا کرے گی، اس وقت گوادر پورٹ، توانائی، ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور انڈسٹریل پارکس کی جانب خاص توجہ دی جارہی ہے جبکہ اس منصوبے کے تحت زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، فنانس اور ایجوکیشن کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا جس سے بالخصوص پاکستان کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت پر مکمل ہونا چاہیے کیونکہ یہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرے گا، اس منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے دانشمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے مفادات کا معاملہ ہے جس میں کوئی بیرونی مداخلت یا اس کے خلاف سازش ہرگز قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے حکومت پر مزید زور دیا کہ وہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کے نجی شعبے کو ترجیح دے۔

متعلقہ عنوان :