وفاقی محتسب نے برطانیہ میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں کی جانب سے نادرا کے خلاف شکایت کا نوٹس لے لیا

منگل 9 اگست 2016 17:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) وفاقی محتسب نے برطانیہ میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں کی جانب سے نادرا کے خلاف شکایت کا نوٹس لے لیا اس ضمن میں وفاقی محتسب کے گریوینس کمشنر برائے سمندر پار پاکستانیز حافظ احسان احمد کھوکھر نے اورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین امجد ملک کی درخواست پر نادرا اور او پی ایف کو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔

او پی ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین نے شکایت کی ہے کہ نادرا نے پاؤنڈ کی قیمت میں کمی کے تناظر میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے شناختی کارڈ کی فیس میں یکم اگست سے اضافہ کر دیا ہے جبکہ ویزا اور پاسپورٹ کی فیسوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ چیئرمین او پی ایف نے مزید لکھا ہے کہ نادرا نے موبائل رجسٹریشن ٹیموں میں بھی کمی کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث نجی کمپنیوں کے کاروبار کو فروغ ملے گا جبکہ لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کا امکان بھی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین او پی ایف نے کہا کہ اس اقدام سے برطانیہ میں مقیم ہزاروں پاکستانی خاندانوں بالخصوص موسم گرما کی چھٹیوں پر پاکستان آئے ہوئے خاندانوں اور بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور گریویننس کمشنر برائے اوورسیز پاکستانیز حافظ احسان احمد کھوکھر 12اگست کو اس کی سماعت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :