عوام سفاک دشمن اور نا اہل حکمرانوں کے رحم و کرم پر ہیں،قوم قومی جذبے کے ساتھ دہشتگردی کو کچلنے کیلئے متحد ہے‘ مخدوم احمد محمود

سول ہسپتال کوئٹہ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں،پیپلزپارٹی کسی کو صوبوں کا امن تبادہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی‘ سابق گورنر پنجاب

منگل 9 اگست 2016 17:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) سابق گورنر پنجاب و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء مخدوم سید احمد محمود نے بلال انور کاسی کے قتل اور دھماکے میں بے گناہ وکلاء میڈیا پرسن اور عام شہریوں کے جانی ضیاع پر گہرئے دکھ اور رنج کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سفاک دشمن اور نااہل حکمرانوں کے رحم و کرم پر ہیں،معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین اور سبق ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری شوکت بسراء کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری اپنے ایک مشترکہ بیان میں سول ہسپتال کوئٹہ میں دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہی کہ معصوم پاکستان کو اس طرح دہشتگردی کا نشانہ بنانا بزدلانہ عمل ہے دہشتگردی کے اس ظلم کو روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عوام، سیکورٹی فورسز اور پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا ہے کسی کو صوبوں کا امن تبادہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

(جاری ہے)

پوری قوم قومی جذبے کے ساتھ دہشتگردی کو کچلنے کے لیے متحد ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہشتگرد اپنے خلاف قوت جنگ کو کمزور کرنے کے لیے پبلک مقامات، اسکولوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور بلوچستان کی صوبائی حکومت حملہ میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہید ہونے والے افراد کے ؒلواحقین کو مالی امداد اور معاوضہ فراہم کرے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے پیچھے وہ عناصر ہے جو پاکستان کو مستحکم اور ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے۔

بزدلانہ کاروائیاں دہشتگردوں کیخلاف قوم کا غیر متزلزل عزم کمزور نہیں کر سکتیں۔ موجودہ حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ ایک طرف سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں بچوں کے اغواء کی وارداتیں اور دوسری طرف دہشت گردی کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع کی روک تھام سے متعلق اقدامات کی بجائے میگا پراجیکٹس کی آڑ میں مال بناؤ پالیسی پر گامزن ہے۔پارٹی رہنماؤں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔