عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی وزیراعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے ‘خواجہ سلمان رفیق

ہسپتالوں میں عوام کو دستیاب طبی سہولیات کی جانچ پڑتال کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جارہا ہے‘ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت

منگل 9 اگست 2016 17:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ عوام الناس تک صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،عوام کو دستیاب سہولیات کی جانچ پڑتال کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جارہا ہے ،وزیراعلیٰ محکمہ صحت پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے روزانہ کی بنیادوں پر ہنگامی میٹنگ لے رہے ہیں تاکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے یہ بات کمشنر آفس ملتان میں ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن کے محکمہ صحت کے افسران کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت ڈاکٹر ساجدچوہان، ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ اور اے سی جی سرفراز احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کا کہا کہ طب ایک مقدس پیشہ ہے ڈاکٹر کو مسیحا کہا جاتا ہے لیکن کچھ ڈاکٹر سرکاری ٹائم میں پرائیوٹ پریکٹس کرتے ہیں اور یہ روایت بڑھتی جارہی ہے ۔

ایسے ڈاکٹروں کا رویہ سرکاری ہسپتالوں کے مریضوں کی بجائے پرائیوٹ کلینک کے مریضوں سے زیادہ اچھا ہوتا ہے۔ ہسپتال میں موجود دوائیوں کے باوجود مریضوں سے میڈیسن باہر سے منگوائی جاتی ہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق نے اوپی ڈی میں سینئرڈاکٹروں کی غیرحاضری پر نہایت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینئر ڈاکٹر زکی پوری زندگی طب کے پیشے سے وابستہ رہنے سے ان کا تجربہ زیادہ ہوتا ہے۔

اس لئے ایمر جنسی میں سینئر ڈاکٹروں کو مریضوں کو دیکھنا چاہیے ۔خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ ہر قسم کے فعال اور غیر فعال میڈیکل آلات اور مشینری کی لسٹیں مہیا کی جائیں تاکہ قابل مرمت مشینوں کو آپریشنل کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ کانگو ، ڈینگی اور دیگر مہلک بیماریوں سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ درست تشخیص اور کیس ہسٹری کا طریقہ کار اپنایا جائے ۔

مختلف بیماریوں کے مریضوں کو مختلف انداز سے ڈیل کر کے بچا یاجاسکتا ہے۔ ڈاکٹروں کو چاہیے کہ وہ مریضوں میں علاج کے ساتھ ساتھ بیماریوں بارے احتیاطی تدابیر اور مستقبل میں ان سے بچاؤ کا بھی شعور اجاگر کریں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لئے پنجاب حکومت ہرطرح سے تیار ہے۔انہوں نے ڈاکٹرز کو کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

سپیشل سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر ساجدچوہان نے کہا کہ حکومت نے صحت کے شعبہ کے لئے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں۔ان وسائل کا نیک نیتی سے استعمال کرکے مریضوں کو با آسانی طبی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو فنڈز دیئے گئے ہیں ان کا حساب بھی لیا جائے گا۔عوام کی بہتری کو مقدم رکھ کر کام کریں تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔انہوں نے ہسپتالوں میں پارکنگ فیس بلاوجہ بڑھائے جانے پر ناراضگی کااظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں سہولیات ہیں لیکن لوگ ان سے بے خبر ہیں ۔اگر ہر جگہ مناسب سائن بورڈ لگا دیئے جائیں تو عوام کو پریشانی سے بچا یاجاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کا بہترین انتظام ہسپتالوں کی زینت ہوتا ہے ۔ایم ایس حضرات کو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ تمام بیڈز کی چادریں ہر شفٹ میں تبدیل ہوں ائر کنڈیشز تمام یونٹ میں چلائے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

ڈی سی او ملتان نادرچٹھہ نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں انسپکشن کیلئے کمیٹیاں بنائی گئی ہیں اور وہ خود بھی وقتاً فوقتاً ہسپتالوں کا دورہ کرتے ہیں ۔ ہسپتالوں میں روز بروز مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ڈاکٹرز پوری جانفشانی سے اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف ہیں ۔ انہیں یقین ہے کہ کچھ عرصے میں تمام سرکاری ہسپتالوں میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملے گی ۔اجلاس کے آخر میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے لئے دعا بھی کرائی گئی۔بعد ازاں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجدچوہان نے نشتر ہسپتال برن یونٹ کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :