کراچی ،ابراہیم حیدری میں کرنٹ لگنے سے بچہ جاں بحق، گھر میں کہرام مچ گیا

منگل 9 اگست 2016 17:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) ابراہیم حیدری میں کرنٹ لگنے سے بچہ جاں بحق ہوگیاہے، گھر میں کہرام مچ گیا، عوام کی طرف سے شدید غم و غصے کا اظہار، کے الیکٹرک انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے بچہ فوت ہوا، بجلی کی تاریں 50 سال پرانی اور ناکارہ ہوچکی ہیں، انہیں تبدیل کر کے نئی تاریں اور پول لگائے جائیں (چیئرمین یونین کونسل ابراہیم حیدری): تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران ابراہیم حیدری کے بینظیر چوک میں بجلی کی تاریں گرگئیں تھیں، جس کی وجہ سے کرنٹ لگنے کے سبب 8 سالا بچہ الہہ بخش ولد عبدالعزیز فوت ہوگیا، بچے کے فوت ہونے کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا اور لواحقین نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو بددعائیں دینا شروع کردیں۔

دوسری جانب ابراہیم حیدری کے مکینوں اور یونین کونسل ابراہیم حیدری کے چیئرمین آصف علی شاہ سمیت پاکستان فشر فوک فورم کے رہنماؤں کمال شاہ، طالب کچھی، مہران علی و دیگر نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کے الیکٹرک انتظامیہ کی لاپرواہی پر کڑی تنقید کی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں یونین کونسل ابراہیم حیدری کے چیئرمین آصف علی شاہ نے بتایا کہ ابراہیم حیدری میں بجلی کی تاریں اور پول 50 سال پرانے ہیں اور اس وقت مکمل طور پر ناکارہ ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابراہیم حیدری میں ایسے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جن میں کرنٹ لگنے کی وجہ سے عورتیں، بچے اور مرد فوت ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کورنگی کے ڈی جی ایم نعیم بلوچ، مینیجر عبدالقیوم شیخ اور اسسٹنٹ مینیجر وقارو دیگر عملدار ابراہیم حیدری میں بجلی کی نئی تاریں اور پول لگانے میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ابراہیم حیدری میں دوبارہ کرنٹ لگنے کی وجہ سے فوتگی کا واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری مذکورہ کے الیکٹرک عملداروں پر ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ابراہیم حیدری میں بجلی کی نئی تاریں اور پول لگانے کا کام شروع کیا جائے، بصورت دیگر کے الیکٹرک کورنگی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کر کے دھرنا دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :