Live Updates

اکبرایس بابر کی پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی محمد کے ٹویٹ کی مذمت

عمران خان آئندہ ملاقات میں مودی سے ’را‘ کی پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں کی ٹائمنگ کے بارے میں ضرورپوچھیں،سنگدل اور احساس سے عاری شخص کا ٹویٹ بے شرمی کی انتہاہے، تحریک انصاف کے بانی راہنما اکبر ایس بابر کاردعمل

منگل 9 اگست 2016 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف کے بانی راہنما اور سابق مرکزی سیکریڑی اطلاعات اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی ایم این اے علی محمد خان کے کوئٹہ دھماکے اور آرمی پبلک سکول کے حوالہ سے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بھارتی وزیراعظم مودی سے آئندہ ملاقات میں ’را‘ کی پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں کی ٹائمنگ پر ضرور بات کریں ۔

وہ منگل کو پی ٹی آئی راہنما علی محمد خان کے ٹویٹ پر ردعمل کااظہار کررہے تھے۔ علی محمد نے ٹویٹ میں کہا تھاکہ کیا وجہ ہے کہ جب بھی ہم تحریک انصاف والے پاکستان کے حق میں اور دھاندلی اور کرپشن کے خلاف تحریک شروع کرتے ہیں توآرمی پبلک سکول کا واقعہ ہوجاتا ہے اور یا پھر کوئٹہ میں دھماکہ ۔

(جاری ہے)

اکبر بابر نے کہاکہ یہ ایک سنگدل اور احساس سے عاری شخص کا ٹویٹ ہے جو شہرت اور مفادات کی لالچ میں ایک انقلابی کا ڈھونگ رچائے ہوئے ہے۔

میرے گھر بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں دہشت گردی کے ظالمانہ واقعات پر پوری قوم غم اور رنج میں ڈوبی سوگ منارہی ہے، ایسے میں تحریک انصاف کا نام استعمال کرنے والے ایسے بے شرم ٹویٹ جاری کرہے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں شہدا کے خون کاکتنا احترام ہے اوریہ متاثرہ خاندانوں سے کتنی ہمدردی رکھتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات