وکلا کی بڑی تعداد کی شہادت قانون و انصاف کی کمر توڑنے کے مترادف ہے، بلال اعجازشفیع

منگل 9 اگست 2016 17:38

کراچی ۔ 9اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے ہم سب کے پیارے تھے ایک ایک شہید ہم سب کے خاندان کا حصہ تھا، اسی لئے ہماری قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے لئے کوئٹہ کے پاکستانیوں کو نشانہ بنایا، ہمارے وکلا، ہمارے شہری، ہمارے صحافی دشمن کے زرخرید ایجنٹوں کا نشانہ بنے ہیں۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کوئٹہ سانحہ پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں وکلا کی اتنی بڑی تعداد کا دہشت گردی کا نشانہ بننا ہمارے دشمنوں کی سوچی سمجھی سازش ہے تاکہ قوم سے انصاف اور قانون کی آواز بلند کرنے والوں کا خاتمہ کردیا جائے۔

(جاری ہے)

میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا کہ کراچی میں فوجی جوانوں اور رینجرز پر حملے، کوئٹہ میں بربریت کے مسلسل واقعات کے اصل ماسٹر مائنڈ سرحد پار بیٹھے ہیں اور ان کے ایجنٹ ہماری صفوں میں موجود ہیں، آج بیس کروڑ پاکستانیوں کو بڑے امتحان کا سامنا ہے، ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ کوئٹہ کے شہدا سمیت ایک ایک پاکستانی کے خون ناحق کے قطرے قطرے کا حساب چکانے کے لئے ملکی قیادت اور مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر اندرونی و بیرونی دشمنوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا کہ مرحوم رکن قومی اسمبلی میاں اعجاز شفیع کے گھرانہ ، ان کے ووٹر اور چاہنے والے کوئٹہ کے شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی اور پاکستان کی وکلا برادری کے صبر و حوصلے کے لئے دعاگو ہیں۔ ملاقات میں حاجی فضل غفور، عبد الحمید بٹ، نور خان اخوندزادہ،شفیق الرحمن صابر، ماسٹر عبد الرزاق، خلیل بلوچ، برکت اعوان،معروف تنولی، رفاقت تنولی، افضل بلوچ، ناصر خان نیازی، شیخ سراج، مسعود الرحمن بچو، دلدار حسین چوہدری، محمد نور دین ،رضوان شریف و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :