آل کراچی تاجراتحاد کاملک میں دہشت گردی، تخریب کاری اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار

ملک کے بیشتر سیاستدان اور حکمران حصولِ اقتدار اور ذاتی مفادات کے تحت ملک مخالف قوتوں کے آلہء کار بن گئے ہیں، عتیق میر

منگل 9 اگست 2016 17:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ملک میں دہشت گردی، تخریب کاری اور بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اﷲ کے دشمنوں سے دوستی اور قرب بڑھانے کا بھگتان بھگت رہی ہے، بھارت، امریکہ اور اسرائیل خطے پر حکمرانی کا خواب دیکھ رہے ہیں، ملک کے بیشتر سیاستدان اور حکمران حصولِ اقتدار اور ذاتی مفادات کے تحت ملک مخالف قوتوں کے آلہء کار بن گئے ہیں، عوام اور تاجر یوم آزادی پر وطنِ عزیز سے محبت کے لازوال جذبے کا مظاہرہ کریں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز انجمنِ فلاح و بہبود تاجران لائٹ ہاؤس کی جانب سے حسن علی آفندی گراؤنڈ میں منعقد کی گئی ملک کی69ویں یومِ آزادی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان رینجرزسندھ 61ونگ کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل شاہد امیر خان، میجر محمد عنایت درانی اور تقریب کے میزبان سید حکیم شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ تاجروں اور شہریوں کی کثیر تعداد تقریب میں موجود تھی، عتیق میر نے کہا کہ ہم اغیار کی تہذیب کے تعاقب میں اسلامی اقدار سے بہت دور نکل آئے ہیں،ہمیں اس تلخ حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا کہ اغیار کی تہذیب و تمدن کی روش اختیار کرکے ہم تباہی کے مقام پر آ چکے ہیں، قوم جس سفر پر گامزن ہے وہ اس منزل کا راستہ نہیں جو قیامِ پاکستان کا بنیادی مقصد تھا، دو قومی نظریہ بھارتی اور مغربی ثقافت کے ملبے تلے دب گیا ہے، ملک میں باہمی اتفاق، اتحاد اور تنظیم کا فقدان ہے، انھوں نے کہا کہ اقتدار کے مہروں کی تبدیلی سے ملکی حالات میں بہتری ممکن نہیں ہے، آزمودہ اورفرسودہ نظام کے غلاموں سے امیدیں وابستہ کرنا خودفریبی ہے، اب عوام کسی نجات دہندہ کا انتظار کرنے کے بجائے خود انحصاری کے تحت مشکلات سے نکلنے کا راستہ تلاش کریں، لیفٹیننٹ کرنل شاہد امیر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی میں مستقل اور مستحکم امن کا قیام ہمارا مشن ہے جس کیلئے ہمیں تاجروں اور شہریوں کا بھرپور تعاون حاصل ہے، انھوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ شہر میں لاقانونیت اور انتشار کی ہر کوشش کو عوام کی طاقت سے کچل دینگے،انجمنِ فلاح و بہبود تاجران لائٹ ہاؤس کے صدر سید حکیم شاہ نے تاجروں کے درمیان اخوت اور اتحاد کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں مستحکم معیشت اور تجارتی ترقی ہماری آنے والی نسلوں کی امانت ہے، انھوں نے تاجروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے موقعے پر اس عزم کا اظہار کریں کہ اپنا تن من دھن اپنے وطن کی سلامتی، آزادی اور روشن مستقبل کیلئے نچھاور کردینگے، اس پروقار تقریب میں رنگا رنگ موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ مختلف شہروں سے آئے ہوئے فنکاروں نے چاروں صوبوں کے ثقافتی رقص بھی پیش کیئے،تقریب میں شریک مختلف مارکیٹوں کے نمائیندگان اکرم رانا، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، امان اﷲ خان، عبداﷲ خان، زبیر خان، گلشن جاوید ، مقصود احمد، طاہر شاہ، شاہ حسین مسعود، امیر حمزہ، سید شرافت علی، دلشاد بخاری، الطاف لالہ، امان اﷲ شاہ، شاکر فینسی ،محمد آصف، شیخ محمد عالم، احمد شمسی، غلام شبیر، میر عبدالحئی، شرجیل گوپلانی، عرفان ﷲ، سید محمد سعید، ضیاء عمر سہگل، سمیع اﷲ اور عبدالغنی اخوند نے اعلان کیا کہ رواں سال 69ویں جشنِ آزادی کو بھرپور طریقے سے منایا جائیگا اور جشن آزادی کے تحت ہر تجارتی علاقے میں تقاریب کا انعقاد کرکے اسے یاد گار بنایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :