قومی اسمبلی میں سانحہ کوئٹہ پر بحث کے دوران چوہدری نثار کی ایوان آمد،حکومتی ارکان نے ڈیسک بجاکر خیر مقدم کیا

وزیرداخلہ نے سانحہ کوئٹہ پر مذمتی قرارداد کے انگریزی متن کا اردو ترجمہ کرایا نوید قمرکا وزیرداخلہ سے سانحہ کوئٹہ پر ایوان کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ ، عبدالمنان نے سارک کانفرنس میں کشمیریوں کے معاملے پر بھارت کوکھرا جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا

منگل 9 اگست 2016 18:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) قومی اسمبلی میں سانحہ کوئٹہ پر بحث کے دوران منگل کو وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی ایوان میں آمد،حکومتی ارکان نے ڈیسک بجاکر ان کا خیر مقدم کیا۔وزیرداخلہ نے سانحہ کوئٹہ پر مذمتی قرارداد کے انگریزی متن کا اردو ترجمہ کرایا جسے وزیر قانون و انصاف نے ایوان میں پیش کیا،متعدد حکومتی ارکان نے وزیرداخلہ کی نشست پر جاکر ان سے ملاقات کی اور اپنے حلقے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پروزیرداخلہ نے وزیر مملکت برائے داخلہ کو بلاکر مذمتی قرارداد کا اردو میں ترجمہ کرایا قبل ازیں قرارداد انگریزی زبان میں تیار کی گئی تھی،قرارداد کی منظوری کے قبل سید نوید قمر نے کہاکہ وزیرداخلہ سانحہ کوئٹہ پر ایوان کو اعتماد میں لیں جبکہ حکومتی رکن میاں عبدالمنان نے وزیرداخلہ کو سارک کانفرنس میں بھارتی وزیرداخلہ کی موجودگی میں کشمیری مسلمانوں کے قتل عام پر کھرا جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ وزیرداخلہ ایوان کو سارک کانفرنس بارے اعتماد میں لیں لیکن اسپیکر ایاز صادق نے قرارداد کی منطوری کے ساتھ ہی اجلاس بدھ تک ملتوی کردیا۔