سانحہ کوئٹہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے ،بھارت کو سفارتی طور پر سخت میسج کیوں نہیں دیا جارہا ، ثروت اعجاز قادری

شہیدوں کا لہو لہو انصاف مانگ رہا ہے عوام کے جان ومال کے تحفظ میں حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے،سربراہ پاکستان سنی تحریک

منگل 9 اگست 2016 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے ،دہشتگرد اس قسم کی کاروائیوں سے عوام اور فوج کے حوصلوں کو متزلزل نہیں کرسکتے ، ضرب عضب آپریشن اور قومی ایکشن پلان سے بچ نکلنے والے عناصر بدستور قومی سلامتی کے درپے ہیں اور موقع ملتے ہی کونے کھدروں سے نکل کر آتش وآہن کا کھیل شروع کردیتے ہیں ،بلوچستان میں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے کئی گروہ سرگرم عمل ہیں جنہیں بعض غیر ملکی ایجنسیوں کی عملی مدد حاصل ہے ، ضرب عضب آپریشن کے تحت پاک فوج نے ان دہشتگردوں کو بڑی حد تک غیر موثر کیا ، حکومت جواب دے کہ کل بھوشن یادو را کاحاضر سروس کمانڈر ہے اس کو ابھی تک سزا کیوں نہیں دی گئی بھارت کو سفارتی طور پر سخت میسج کیوں نہیں دیا جارہا کہ پاکستان کی سلامتی کو آنچ آئی تو بھارت کو بھی محفوظ نہیں رہنے دینگے ، بھارت کو پاکستان میں دہشتگردی سے کیوں نہیں روکا جارہا ، حکومت اگر بھارت کے سامنے عوام کی ترجمانی نہیں کرسکتی تو پھر اسے حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ،سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونیوالے وکلاء ،ڈاکٹرز صحافیوں ،سول سوسائٹی کا خون کس کے ہاتھ میں تلاش کریں ،قومی ایکشن پلان کو غیر موثر کرنیوالوں دیکھو دہشتگرد ہماری پاک مٹی کو آگ وخون میں نہلا رہے ہیں ،پوری قوم دہشتگردوں کو صفایا چاہتی ہے پاک فوج ،رینجرز اور دیگر قانون نافذکرنیوالے اداروں کی حمایت کررہی ہے تو پھر کیوں قومی ایکشن پلان کو سست بنایا جارہا ہے ،جنرل راحیل شریف کے بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں ،حکومت اجلاسوں کے کمروں سے نکل کر دہشتگردوں کے خلاف ایسے اقدامات کرئے کہ ملک دشمن دہشتگردوں کو پاک دھرتی پر چھپنے کی جگہ نہ ملے ،شہیدوں کا خون رائیگاں جانے نہیں دینگے ،شہیدوں کا لہو لہو انصاف مانگ رہا ہے ،عوام کی جان ومال کے تحفظ میں حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بلوچستان میں سبز ہلالی پرچم کی بہار سے امن ،محبت بھائی چارگی کو فروغ دینگے ،سی پیک بلوچستان کی ترقی وخوشحالی اور مایوسیوں کے خاتمے کا منصوبہ ہے ،دہشتگرد وں کی سی پیک کے خلاف سازش کو حکومت اور ملکی سلامتی کے ادارے پوری طاقت سے کچل دیں ،پاکستان سنی تحریک دہشتگردی کے خلاف ہر اول دستے کا کردار ادا کریگی ،عوام کی جان ومال سے خون کی ہولی کھیلنے والوں سے کسی بھی قسم کا کمپرو مائز نہیں ہوسکتا ،دہشتگردوں کی ایک ہی سزا ہے کہ انہیں ہمیشہ کے لئے نیست ونابود کردیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :