فلور ملز مالکان کا کوئٹہ بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیائع پر اظہار افسوس

بیگناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کے پس پردہ ہاتھوں کو بے نقاب کیا جائے، قوم متحد ہے ‘ چوہدری افتخار مٹو، عاصم رضا

منگل 9 اگست 2016 19:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء ) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین چوہدری افتخار مٹو اور آواز گروپ کے رہنما عاصم رضا نے کوئٹہ بم دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیائع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کے پس پردہ ہاتھوں کو بے نقاب کیا جائے ۔

ایسی ظالمانہ کاروائیاں کرنے والے کسی قسم کے رحم کے مستحق نہیں۔گزشتہ روز پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین افتخار مٹو نے کہا کہ پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہاہے اور اسے سیاسی عدم استحکام ، معاشی بحالی ، توانائی کا بحران ، دہشت گردی اور لاقانونیت سمیت کئی طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے ان حالات میں پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا تاکہ ملکر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

آواز گروپ کے رہنما عاصم رضا نے کہاکہ کوئٹہ بم دھماکہ ایک انتہائی بزدلانہ کاروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ بم دھماکے کے ذریعے ملک کے پڑے لکھے افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنا یا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے متعدد وکلاء نے عدلیہ کی بالا دستی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری کی بحالی کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور اسے کامیاب کروایا تھا۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے اس المناک واقعہ کے باعث کئی گھروں کے چراغ گل کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ، اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو پبلک مقامات ، سکولوں اور ہسپتالوں کی سکیورٹی پر بھر پور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور سکیورٹی اداروں کو دہشت گردوں کیلئے کام کرنے والے سہولت کاروں کو کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔