بیگم فرحانہ قمر کی کوئٹہ میں سول ہسپتال میں بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت

منگل 9 اگست 2016 19:42

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی رکن قومی اسمبلی و اسلام آباد شعبہ خواتین کی چیف آرگنائزر بیگم فرحانہ قمر نے کوئٹہ میں سول ہسپتال میں بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہید ہونے والے وکلاء اور صحافیوں کے لواحقین سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اسلام دشمن دہشت گردوں نے نہ صرف پورے پاکستان بلکہ عالم انسانیت کو اپنی مذموم کارروائی سے سوگوار کردیا ہے،دشمنان اسلام اور دشمنان پاکستان نے جشن آزادی کے موقع پر بے گناہ انسانوں کا خون بہا کر پوری قوم کو دکھی کردیا ہے مگر دشمن یہ بات ذہن نشین کرلے کہ پاکستانی قوم نے دہست گردوں کے خلاف بھاری قیمت چکائی ہے اس طرح کی بزدلانہ کاروائیاں اس قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے بیان میں بیگم فرحانہ قمرنے کہاکہ دہشت گردوں نے دودہائیوں سے وطن عزیز پاکستان کو تختہ مشن بنایا ہوا ہے ،پشاور میں بچوں پر حملے کے بعد وکلاء ،ڈاکٹرز،صحافیوں،سیکورٹی فورسز اور عوامی مقامات پر فائرنگ اور بم دھماکے انصاف کے اداروں کوکمزور اور عوام کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے عوام کو چاہیے کہ وہ ان دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں اور اپنے ارد گرد کے ماحول پر گہری نظر رکھیں تاکہ ملک پاکستان آئے روز کی دہشتگردی سے محفوظ رہ سکے۔

بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے بے گناہ بلوچستان بار کے صدربلال انور کاسی،ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود خان،آج ٹی وی کے کیمرہ مین شہزاد خان ، دنیا نیوز کے رپورٹر اور دیگر شہدا کاخون رائیگاں نہیں جائے گا۔

متعلقہ عنوان :