کوئٹہ دھماکا پاکستان کی عدلیہ پر بزدلانہ حملہ ہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف

حملے میں ہسپتال کو نشانہ بنانا آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو کم کرنا ہے مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ثمرات ضائع نہیں ہونے دے گی کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب دہشت گردوں اوران کے خفیہ ٹھکانوں کوپوری قوت سے ختم کیا جائے اجلاس میں ہدایت

منگل 9 اگست 2016 19:53

کوئٹہ دھماکا پاکستان کی عدلیہ پر بزدلانہ حملہ ہے آرمی چیف جنرل راحیل ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کوئٹہ دھماکا پاکستان کی عدلیہ پر بزدلانہ حملہ ہے، حملے میں ہسپتال کو نشانہ بنانا آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو کم کرنا ہے مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ثمرات ضائع نہیں ہونے دیگی۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ثمرات ضائع نہیں ہونے دے گی۔

انہوں نے کمانڈرز اور انٹیلی جنس اداروں کو کومبنگ آپریشن بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اوران کے خفیہ ٹھکانوں کوپوری قوت سے ختم کیا جائے، دہشت گردوں اور ان کے خفیہ ٹھکانوں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں تیز کی جائیں۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ کمانڈرز صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام ضروری مدد فراہم کریں،صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تربیت، وسائل، پلاننگ میں مدد دیں آرمی چیف نے کمانڈرز کوہدایت دی کہ انسداد دہشت گردی کے لئے موثر کارروائیوں کے لئے صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت، وسائل اور منصوبہ بندی کے ذریعے ان کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے مکمل مدد کی جائے۔

۔کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک بھر میں جاری فوجی آپریشن اور انسداد دہشت گردی کے تناظر میں اندرونی و بیرونی سلامتی صور ت حال پر بریفنگ دی گئی۔