اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے 50مفتیوں کی سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت ، شر پسند عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی کیلئے فتویٰ

خود کش حملے پاکستان کی سلامتی کیخلاف عالمی سازش ہیں۔ اس المناک سانحہ کی غیر جانبدارانہ ، منصفانہ تحقیقات سے اصل کردار داروں کو بے نقاب کروا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، حافظ ذاکر الرحمن صدیقی، حافظ فیصل افضل شیخ

منگل 9 اگست 2016 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے 50مفتیوں نے سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت ، شہداء کو خراج عقیدت ، جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فتویٰ جاری کیا ہے کہ آرمی چیف کے اعلان ’’دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن ‘‘ کی بھرپور حمایت کی، دہشت گرد امن، ملک اور اسلام کے دشمن ہیں۔

انسان نہیں خونی درندے ہیں۔ ان سے سختی سے نپٹنا بہت بڑا جہاد ہے۔ اسلام ایسے عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی کی اجازت دیتا ہے۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، معصوم اور بے گناہ لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔ خود کش حملہ اسلام منافی اور گھناؤنا فعل ہے۔ خود کش حملے پاکستان کی سلامتی کیخلاف عالمی سازش ہیں۔

(جاری ہے)

اس المناک سانحہ کی غیر جانبدارانہ ، منصفانہ تحقیقات سے اصل کردار داروں کو بے نقاب کروا کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

معصوم اور بے گناہ انسانیت کا قتل عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ مفتی نعیم الرحمن شیخوپوری، مفتی عتیق الرحمن طاہر، مفتی عبید الرحمن،مفتی عامر صدیق، نعمت اﷲ ظفر، مفتی منظور الٰہی، مفتی حافظ عمران تبسم سمیت 50مفتیان نے فتویٰ جاری کیا۔ فتویٰ کمیٹی کے چیئرمین حافظ ذاکر الرحمن صدیقی نے علماء کمیٹی کے اجلاس سے مرکز 106راوی روڈ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کیلئے بڑا چیلنج ہے۔

پاکستانی عوام سے 14اگست کی خوشیوں کو روندنے کی منظم سازش ہے۔ ملک کے تشویشناک حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ سیاسی و دینی جماعتیں متحد ہو کر ملک و قوم کیلئے کام کریں اور اسلام و ملک دشمن طاقتوں کی پاکستان میں عدم استحکام اور دہشت گردی کی سازشوں کو متحد ہو کر ناکام بنائیں۔ پاکستان میں امن کے فروغ کیلئے پاکستانی عوام افواج پاکستان کے دست و بازو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سانحہ میں بھارت ملوث ہے۔ قوم کو مجبوریوں سے آگاہ کیا جائے کہ ثبوت ملنے کے باوجود بھارت کیخلاف عالمی رائے عامہ کیوں ہموار نہیں کی جا رہی؟ سیکرٹری جنرل حافظ فیصل افضل شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں سے اقتصادی راہداری کے منصوبے غیر محفوظ نہیں ہو سکتے، وطن کے دفاع کے لیے افغان بارڈر پر باڑ لگائی جائے اور ملک بھر میں افغانیوں کے خلاف ٹارگٹ اپریشن کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :