دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کاوشوں کی حمایت جاری رکھیں گے، چینی وزارت خارجہ

کوئٹہ حملے پر شدید دکھ اور افسوس ہے ،چینی سفیر سن وی ڈونگ

منگل 9 اگست 2016 20:27

بیجنگ/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء ) چین نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چیننگ نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کے جنوب مغربی شہر کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے سے انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ جاں بحق ہوئے ۔

چین متاثرہ اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہے جبکہ زخمی ہونے والے افراد کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کاوشوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کا انہیں شدید دکھ اور افسوس ہے،انہوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ، دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے ہمیشہ پاکستانی اقدامات کی حمایت کریں گے تاکہ عوام کا تحفظ اور امن کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں شہید ہونے والے افراد کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا گیا۔