پرتشدد واقعات کی لائیو کوریج پر مکمل پابند ی لگائی جائے ،واجد رضااصفہانی

صحافیوں کے اہلخانہ کوایک کروڑ روپے دیئے جائیں ،جی ایم جمالی ،حسن عباس کا مظاہر ے سے خطاب

منگل 9 اگست 2016 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری واجد رضا اصفہانی نے کہنا ہے کہ کوئٹہ بم دھماکے میں شہید ہونے والے صحافیوں کی ذمے داری پیمرا اور پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن پر عائد ہوتی ہے ۔بم دھماکوں اور پرتشدد واقعات کی لائیو کوریج پر پیمرا کی جانب سے مکمل پابند ی عائد کرنے کی ضرورت وقت کا تقاضہ ہے تاکہ صحافیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب کے باہر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے مشترکہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکریٹری جنرل پی ایف یوجے جی ایم جمالی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ شہید صحافیوں کے اہلخانہ کو ایک ،ایک کروڑ روپے دیئے جائیں اور ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی حکومت برداشت کرے ۔انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے وکلاء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس سید حسن عباس نے بھی کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو لائف انشورنس فراہم کرنے کے علاوہ مالی تحفظ بھی دیاجائے۔

متعلقہ عنوان :